لاہور(نمائندہ جنگ) پیپلزپارٹی کے صدر اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے بغیر آئندہ حکومت بن سکتی اور نہ چل سکتی ہے ، موچی دروازہ جلسہ میں میاں صاحب کو کہہ دیا تھا کہ سینیٹ الیکشن جیتنے نہیں دو ں گا، آئندہ الیکشن میں پوری قوت سے حصہ لینگے جس کیلئے تیاریاں شرو ع کر دی ہیں ،آصف زرداری نے بلاول ہائوس لاہور میں پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کی سربراہی میں عثمان سلیم ملک، عاصم محمود بھٹی، غلام فریڈ کاٹھیا پر مشتمل وفد سے ملاقات کی جس کے دوران آصف زرداری نے کہا کہ2013 میں آر او ز کے انتخابات ہوئے جن کے دوران ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے اور پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ چوری کر لیا گیا، اس وقت ہمارے ہاتھ کھلے ہیں اور ہم آزاد ہیں لہذا پوری قوت سے انتخابی میدان میں اترینگے ، آصف زرداری نےملاقات کے دوران کہا کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کو متحرک کرنے کیلئے مختلف اضلاع کے دورے بھی کروں گا، اس موقع پر کسان اور مزدور کنونشن بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا قبل ازیں بلاول ہائوس میں آصف زرداری سے تحریک انصاف خیبر پختونخواہ اسمبلی کے 3ناراض ارکان نے ملاقات کر کے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا ان میں رکن صوبائی اسمبلی نگینہ خان، زاہد درانی، عبیداللہ مایار شامل ہیں، اس موقع پر قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر حاجی نواز کھوکھر ، ڈاکٹر قیوم سومرو سمیت پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے دریں اثنا آصف زرداری ہفتہ کی سہ پہر 2بجے بلاول ہائوس میں لاہور سے پیپلزپارٹی کی ٹکٹ کے امیدواروں کے ساتھ ملاقات کر ینگے ، اس موقع پر انھیں ظہرانہ بھی دیا جائے گا۔