• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری اور نیازی عوامی خدمت کے جذبے سے عاری ہیں، شہباز شریف

لاہور(خصوصی نمائندہ،مانیٹرنگ سیل)صدر مسلم لیگ ن ،وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے کہا ہے کہ زرداری اور نیازی عوامی خدمت کے جذبے سے یکسر عاری ہیں، عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خدمات مثالی ہیں،جنوبی پنجاب کیلئے 42فیصد ترقیاتی بجٹ مختص کرنا مسلم لیگ(ن) کا اعزاز ہے،قائداعظم محمد علی جناحؒ کا پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارکابینہ اجلاس کی صدارت کے موقع پر خطاب کرتے اورگورنر پنجاب، وزراء اور اراکین اسمبلی سےدوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قانون کے متعدد مسودات اورترمیمی بلوں کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کابینہ نے وثیقہ نویسی کے پیشے کو ریگولیٹ اور سپروائز کرنے کیلئے رجسٹریشن ایکٹ 1908میں ترمیم کے علاوہ پنجاب فشریز آرڈیننس1961اور فشریز ایکٹ 1999میں ترامیم اور640میگاواٹ کے آزاد پتن ہائیڈرو پراجیکٹ کیلئے پنجاب کی حدود میں اراضی فراہم کرنے ،پنجاب جنرل پراویڈنٹ انویسٹمنٹ فنڈ ایکٹ 2009 کے تحت لانگ ٹرم سرمایہ کاری کرنے کے اقدام کی منظوری بھی دےدی۔ اجلاس میں زرعی مارکیٹنگ ریفارمز کا فیصلہ کیاگیا اورپنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2018کی منظوری دی گئی۔ انسانی حقوق کے بارے میں پنجاب پالیسی، جبری مشقت کے خاتمے کے ایکٹ 1992 میں مجوزہ ترامیم کیلئے مسودہ ترمیمی بل کی منظوری دی گئی جبکہ اجلاس میں کابینہ کے 29ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی اورکابینہ کمیٹی برائے خزانہ و ترقیات کی 43ویں سے 54ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔اجلاس میں پنجاب دانش سکولز اینڈ سنٹرز آف ایکسی لینس اتھارٹی کی کارکردگی کی رپورٹس برائے 2010-14 پیش کی گئیں اوراجلاس میں پنجاب دانش سکولز کی کارکردگی رپورٹس کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔وزیراعلیٰ نےصوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ پنجاب حکومت نے دانش سکولز کے ذریعے یتیم بچوں اور بچیوں کو ان کو حق دیا ہے اوران دانش سکولزنے ہزاروں بچوں اور بچیو ں پر دست شفقت رکھا ہے۔ پنجاب حکومت نے دانش سکولز نہ بنائے تو یہ ہیرے مٹی کی دھول میں گم ہو جاتے۔
تازہ ترین