وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ زرداری اور نیازی مل چکے ،بلاول ہاوس اور بنی گالا ہم پیالہ اور ہم نوالہ ہیں ،دوہزاراٹھارہ کے الیکشن میں ووٹ کی طاقت سے ان سے بدلہ لینا ہے ۔
صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے لاہور میں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کاہنہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا اورکہا کہ پیپلز پارٹی ہو یا پی ٹی آئی دونوں عوامی فلاح کے منصوبوں سے جلتے ہیں ، آصف زرداری نے کراچی کو کچی اور پشاور کو قصہ خوانی بازار بنادیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب کہتے ہیں کے پی کے کا حال بدل دیا جبکہ پشاور میں 5 سال کے دوران ایک بھی نیا اسپتال نہیں بنایا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ ہم نے پنجاب بھر میں اسپتالوں کا جال بچھا دیا ہے ،پنجاب میں کرپشن کو گلے سے پکڑا ، پنجاب کے اسپتالوں میں خواتین ، بچوں اور بوڑھوں کا بہترین علاج کیا جا رہا ہے جبکہ میواسپتال کے سرجیکل ٹاور میں یورپ کی طرح ہر قسم کی طبی سہولت موجود ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ نیب یا کوئی بھی ادارہ جتنی بار بلائیں میں حاضر ہوں ،عوام کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ ایک پائی کی کرپشن ثابت ہوگئی تو میرا گریبان اور آپ کا ہاتھ ہوگا ۔مسلم لیگ کی حکومت نے قومی خزانے کے کئی سو ارب بچائے ،صرف خدا کے آگے جھکتے ہیں ،انسان کے آگے نہیں جھکیں گے،شہبازشریف ۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی لیڈرشپ میں لوڈشیڈنگ میں کمی آئی ،کراچی گیا تو وہاں کے عوام نے کہا نہ پانی ہے نہ بجلی ۔