• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف نے ہمارے ساتھ کھلواڑ کیا، اسکے ساتھ جنت بھی نہیں جانا،آصف علی زرداری

نوازشریف نے ہمارے ساتھ کھلواڑ کیا، اسکے ساتھ جنت بھی نہیں جانا،آصف علی زرداری

لاہور(نمائندہ جنگ) سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف نے ہمارے ساتھ کھلواڑ کیا، اسکے ساتھ جنت بھی نہیں جانا،میاں صاحب کی سوچ جمہوری نہیں، مغل اعظم بن گئے،پیپلزپارٹی پنجاب میں سرپرائز دیگی۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف زرداری کی زیرصدارت پیپلز پارٹی لاہور ایگزیکٹو اور ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس بلاول ہاؤس میں ہوا جس میں پی پی پی وسطی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ، ڈاکٹر عاصم، حاجی عزیز الرحمن چن، چوہدری اسلم گل، اسرار بٹ، اورنگزیب برکی، رانا فاروق، سینئر کارکن پی ایس ایف اور لیبرونگ کے اراکین بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں ٹکٹوں کی تقسیم کےحوالے سے مشاورت کی گئی۔ تمام امیدوار 3 مئی تک پارلیمانی بورڈ کو درخواست دیں گے جو امیدواروں کا حتمی فیصلہ کرے گا۔ آصف زرداری نے اجلاس کے دوران کہا کہ میں نے نواز شریف کو اس لئے حکومت بنانے دی کہ جمہوریت چلتی رہے لیکن حکومت میں آتے ہی نواز شریف مغل اعظم بن گیا، نواز شریف نے پیپلز پارٹی کے ساتھ دوستی کی آڑ میں کھلواڑ کیا اور اب بڑے پیغامات بھیجتا ہے، ہم نے ان کو پیغام بھیجا تیرے ساتھ ہم نے جنت میں بھی نہیں جانا، اڈیالہ جیل کی صفائی کروا رہے ہیں، ان کو کیا پتا لانڈھی جیل جاتے ہیں یا کہیں اور؟ یہ لوگ ملک کو دیوالیہ کرکے جاتے ہیں، ہم آ کر سنبھالتے ہیں، میاں صاحب کسی بھی ملک میں نکل جائیں ہم نے یہیں رہنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میاں صاحب کی سوچ جمہوری نہیں ہے، وہ صرف اپنے بارے میں سوچتے ہیں، جب میں نے مشرف کو نکالا تو ان لوگوں کو سمجھ ہی نہیں آ رہی تھی، ہم نے مشرف سے ڈائیلاگ کرکے اسے باہر نکالا، آئین یا بھٹو نے بنایا یا پھر ان کے بعد ہم نے اٹھارہویں ترمیم کی۔ قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ اگلے الیکشن میں پیپلز پارٹی پنجاب میں سرپرائز دے گی، ہم نے پنجاب بھر میں امیدواروں کی فہرست تیار کر لی ہے، ٹکٹوں کے لئے خواہش مند امیدوار پراسس کے مطابق درخواست دیں، قابل فخر ہیں وہ لوگ جو مشکل میں بھی پارٹی کے ساتھ ہیں، پیپلز پارٹی مشکلات میں بھی اچھے نتائج دینا جانتی ہے۔ دوسری جانب، آصف زرداری سے گھوٹکی کی معروف روحانی شخصیت پیر سید اعجاز حسین آف سوئی شریف نے ملاقات کی اور انہیں آئندہ الیکشن میں اپنی اور اپنے مریدین کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ ملاقات میں مخدوم احمد محمود، مصطفیٰ محمود اور عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔ آصف زرداری سے بھیرہ کی ممتاز سیاسی شخصیت کسان بورڈ کے ضلعی صدر اور ناظم شوکت حیات نے بھی ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

تازہ ترین