• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بحریہ کے جہاز نے کھلے سمندر میں پھنسی بھارتی کشتی کو بچالیا

اسلام آباد(وقائع نگار)پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس عالمگیر نے خلیج عدن میں میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز کے دوران کھلے سمندر میں پھنسی ہوئی بھارتی ماہی گیروں کی کشتی ایس ٹی مارس کو ریسکیو کیا۔ مدد کرنے پر بھارتی ماہی گیروں نے’’ پاکستان زندہ باد ‘‘کے نعرے لگائے،ترجمان نے کہا کہ انسانی ہمدردی کے تحت مدد کی،بھارت کی یہ کشتی بھارتی پورٹ کولوچیل کھلے میں سلالہ(اومان ) کے قریب انجن فیل ہونے کے باعث خراب ہوکر پچھلے 8 دنوں سے 12 افراد کے ساتھ پھنسی ہوئی تھی۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کشتی کے بارے میں معلومات اور مدد کی اپیل حاصل ہونے پر انسانی ہمدردی کے تحت مدد کیلئے پاک بحریہ کے جہاز کو فوری روانہ کیا گیا جس کی تکنیکی ٹیم نے کشتی کی خرابی دور کی اور اسے سمندر میں سفر کے قابل بنایا۔ بھارتی ماہی گیروں نے پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کردیئے ۔ پھنسی ہوئی کشتی کے عملے کے پاس پانی ختم ہو گیا تھا اور انھیں کھانے کی اشیاء اور طبی امداد کی اشد ضرورت تھی۔ پاک بحریہ کے جہاز نے بھارتی کشتی کے عملے کو کھانے پینے کی اشیاء اور طبی امداد فراہم کی۔کشتی ٹھیک ہونے کے بعد بھارتی پورٹ کی طرف روانہ ہو گئی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پا ک بحریہ انسانی مدد کے آپریشنزکی انجام دہی میں بھی پیش پیش رہتی ہے اور یہ آپریشن اس بات کا بھی غماز ہے کہ پاکستان علاقائی امن کا خواہاں ہے۔   
تازہ ترین