پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے ہر موقع پر انہیں اسٹیبلشمنٹ سے لڑا کر خود ہاتھ ملایا ہے۔ مشرف کو جانے نہ دینے کا بیان دیا تو نواز شریف نے سابق صدر کو باہر بھیج دیا۔
آصف علی زرداری نے پارٹی قائدین کے سامنے نواز شریف سے دوریاں کیسے ہوئیں کی تفصیلات رکھ دیں،۔انہوں نے بتایاکہ اینٹ سے اینٹ والا بیان نواز شریف کی چال میں آکر دیا۔
پی پی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ مشرف کو جانے نہ دینے کا بیان دیا تو نواز شریف نے سابق صدر کو باہر بھیج دیا، بعد میں علم ہوا کہ نواز شریف نے یقین دہانی کرانے سے پہلے ہی پرویز مشرف کے معاملے پرڈیل کرلی تھی۔
آصف زرداری نے کہا کہ میرے بیان کا فائدہ لےکر نوازشریف نے راحیل شریف سے معاملات سیدھے کرنے کی کوشش کی، نوازشریف اپنے قریبی افسر کے ذریعے مجھے بہکاتے رہے، ہم نوازشریف کو جتنا بھولا سمجھتے ہیں وہ کہیں زیادہ چالاک اور موقع پرست ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ میں سیاست سے ہٹ کر نوازشریف سے سماجی تعلقات رکھنا چاہ رہا تھا، نواز شریف نے میری نیک نیتی کا فائدہ اٹھایا، سندھ میں نیب اور دیگر اداروں سے کارروائیاں بھی نوازشریف کے کہنے پر ہوئیں، وہ اب بھگتیں، اب کسی صورت ہاتھ نہیں ملاؤں گا۔
آصف زرداری نے بتایا کہ ہم جمہوریت، آئین اور سویلین بالادستی کی نیت سے ہاں میں ہاں ملاتے رہے، ہم سیاست اور نوازشریف تجارت کرتے رہے۔