• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلزپارٹی کسی کو روزگار کے حق سے محروم کرنیکی اجازت نہیں دیگی،زرداری

پیپلزپارٹی کسی کو روزگار کے حق سے محروم کرنیکی اجازت نہیں دیگی،زرداری

اسلام آباد(وقائع نگار) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ملازمین کے نوکریوں کا تحفظ کریگی اور کسی کو بھی روزگار کے حق سے محروم کرنیکی اجازت نہیں دیگی، یوم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا پیپلزپارٹی اس بات کی بغور نگرانی کر رہی ہے کہ نجکاری کا جواز پیدا کرنے کیلئے حکومت پی آئی اے کو نقصان سے دوچار کر رہی ہے، پارٹی مزدوروں کے حقوق اور انکی عزت و وقار کی بھی حفاظت کرتی رہے گی، انہوں نے کہا شہید بھٹو اور بینظیر شہید ہمیشہ مزدوروں کیساتھ کھڑے رہے اور ان کے روزگار کی حفاظت، مناسب تنخواہوں، حقوق و وقار کیلئے جدوجہد کرتے رہے،پیپلزپارٹی مزدوروں کے روزگار کے حالات بہتر بنانے اور انہیں استحصال سے نجات دلانے کی جدوجہد جاری رکھے گی تاکہ مزدوروں کو معاشرے میں انکا جائز مقام دلایا جا سکے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلزپارٹی محنت کشوں کے حقوق کیلئے آئندہ بھی جدوجہد جاری رکھے گی،اپنے پیغام میں انہوں نے کہا شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1972ء میں پہلی بار مزدور پالیسی کا اجراء کیا تھا اور ٹریڈ یونینز کے حقوق متعارف کرائے تھے،وہ عوامی حکومت ہی تھی جس نے بینظیر امپلائیز سٹک آپشن سکیم کا آغاز کیا اور قومی اداروں کے ملازمین کو حصص مفت دیئے،بلاول نے حکومت سندھ کی سہ فریقی مزدور پالیسی کو خوش آئند قرار دیااورکہا کوئی صوبائی حکومت اس طرح کا سنگ میل عبور نہ کرسکی، کیونکہ محنت کش طبقہ انکی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ، وہ بھی پیپلز پارٹی ہی تھی، جس نے سندھ میں بے زمین کاشتکار خواتین کو زرعی قطعات کا مالک بنایا اور یونین کونسل سطح پر انسدادِ غربت پروگرام شروع کیا، جس نے 6 لاکھ خاندانوں کیلئے پسماندگی کا خول توڑ کر باہر نکلنا ممکن بنایا ، انہوں نے کہامزدور و محنت کش طبقہ پی پی میں شامل ہو کر اسے مزید طاقتور بنائیں،پیپلزپارٹی مستقبل میں بھی مزدور دوست قانون سازی کریگی اور محنت کش برادری کا استحصال کرنیوالی تمام قوتوں کے آگے پہاڑ بن کر کھڑی ہوگی۔  

تازہ ترین