لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تبلیغی جماعت کی تعلیمی اداروں میں پابندی کو کوئی نہیں مانتا، امریکہ، روس، ہندوستان سمیت کسی ملک نے تبلیغی جماعتوں پر پابندی نہیں لگائی، نوازشریف نے مودی سرکار کو خوش کرنے کیلئے یہ قدم اٹھایا ہے۔ تبلیغی جماعت ایک خالص دینی جماعت ہے اور ہر قسم کی فرقہ بندی اور سیاسی دھڑے بندی سے بالاتر ہو کر دعوت دیتی ہے۔تبلیغی جماعتوں پر پابندی کے خلاف ہم سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں آواز اٹھائیں گے۔ چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ میرے دور میں نیشنل سکیورٹی کونسل میں اس جماعت کو محدود کرنے کی آواز اٹھی تو میں نے بحیثیت چیف منسٹر اس بات کی گارنٹی دی تھی کہ یہ جماعت بے ضرر ہے اور اس کا نیٹ ورک پوری دنیا میں ہے، اسی طرح جب رائے ونڈ میں تبلیغی اجتماع کی زمین کا توسیع کا معاملہ آیا تو میں نے تمام چھان بین کے بعد ان کو زمین الاٹ کی۔