کچھ پھلوں کا تصور ہی موسم گرماکی یاد دلادیتا ہےاور یاد بھی ایسی جو گرمی کی تپتی دھوپ کے باوجودچہرے پر خوشی بکھیر دے ۔گرمیوں کا لازمی جز،وٹامن اے اور وٹامن سی کی خوبیوں سے مالامال اور صحت پر خوشگوار اثرات مرتب کرنے والا رس دار ’’ تربوز ،،ایک ایسا ہی پھل ہے جسے موسم گرما کا تحفہ قرار دیاجاتا ہے۔تربوز کو ہر زبا ن میں مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے پنجابی میں ہندوانہ ، انگریزی میں واٹر میلین ، عربی میں بطیخ ، اور ترکی میں تاجور کہتے ہیں۔تربوز تقریباً دنیا کےہر علاقے میں پایا جاتا ہے لیکن خاص طور پر پاکستان ، ہندوستان ، ایران ،شمالی بنگال ، صوبہ سرحد اور افغانستان میں اس کی کاشت کی جاتی ہے۔
صحت کے لئے مفید اس پھل کاغالب حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے جبکہ اس میں حیاتین اور معدنی اجزاء بھی پائے جاتے ہیں۔ ماہرین تربوز کی غذائیت سے متعلق کہتے ہیں کہ اس قدرتی پھل میں 90فیصدپانی اور 10فیصدفو لاد، پوٹاشیم،سوڈیم ،کیلشیم،فاسفورس، نشاستہ اور روغنی اجزاء شامل ہیں ۔
تربوز سے حاصل ہونے والے طبی فوائد
دنیائے اسلام کے ممتاز طبیب اور فلسفی الرئیس ابنِ سینا اپنی کتاب’’ القانون ،،میں تربوز کے فوائد بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’’قدرت کا یہ رس دار پھل معدے میں پہنچ کر انتہائی فائدہ مند صورت اختیار کر جاتا ہے اس کے بیج جلد کے لیے انتہائی مفید ہیں اور اس کے چھلکے کا لیپ پیشانی پر کر دیا جائے تو آنکھوں کے امراض کے لیے فائدہ مند ہے ،،
ممتاز طبیب کے علاوہ دنیا ئے طب کے دیگر ماہرین کے لئے بھی تربوز کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ۔ مختلف تحقیق کے ذریعے ثابت ہے کہ یہ بے شمار طبی فوائد سے بھرپور ایک پھل ہے ۔آئیے آج ہم بھی اس مضمون میں بات کرتے ہیں تربوز کے فوائد پر اس کے جسمانی صحت پر ہونے والے مثبت اثرات پر،تاکہ آپ بھی شدید گرمی میں اس پھل کے مفید اثرات سے بھرپور فائدہ اٹھاسکیں۔
دل کی صحت کے لئے مفید
تربوز انسانی جسم کے سب اہم جز دل کی صحت کے لئے بے حد مفید قرار دیا جاتا ہے۔اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ کولیسٹرول کنٹرول کرنے میں مددکرتے ہیں ۔اینٹی آکسیڈینٹ کے علاوہ اس میںپایا جانا والا وٹامن اے، سی، بی 6، منرلز اور لائکوپین جزیات دل کی بیماریوںکے لئے بھی سود مند ثابت ہوتے ہیں۔۔امریکی یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق کے نتائج کے مطابق روزانہ صبح ناشتے میں تربوز کی ایک قاش کے استعمال سے دل کی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق تربوز میں موجود قدرتی اجزا ء نہ صرف بلڈ پریشر کی سطح برقرار رکھتے ہیں بلکہ دل کے دورے کی صورت بھی موثر ڈھال کا بھی کام کرتے ہیں۔
ہڈیوں کو مضبوط بنانے کا ذریعہ
طبی ماہرین تربوز کو ہڈیوں کی مضبوطی کے لئے بہترین قرار دیتے ہیںان کا کہنا ہے کہ تربوز کا استعمال ہڈیوں کی بیماری آسٹیو پروسس سے محفوظ رکھتا ہے۔ یہ بیماری انسانی ہڈیوں کو کمزور کر دیتی ہے۔تربوز کے بیجوں میں موجود میگنیشیم مدافعتی نظام،میٹابولک فنکشن کے ساتھ ساتھ پٹھوں کی صحت او ر ہڈیوں کے لئے مفیدقرار دیاجاتا ہے ۔تربوز ہمیشہ نہار منہ کھانا چاہئیے کالے نمک کے ساتھ تربوز کا ذائقہ مزید بڑھایا جاسکتا ہے۔
چربی کم کرنے میں مددگار
تربوز انسانی جسم کی زائد چربی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اس میں موجود امینوایسڈز کیلوریز جلانے میں مدد دیتے ہیںجسم میں پانی کی مقدار مناسب سطح پر رکھنے خصوصاً توند سے نجات میں کامیابی کے لیے تربوز کا استعمال مفید قرار دیاجاتا ہے۔ تربوز کا جوس جسم کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔ماہرین پیٹ کی چربی کم کرنے کے لئے خاص طور اس مشروب کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔تربوز میںموجو د خاص سیلز ایسی سرگرمیوںکو کنٹرول کرتا ہےجو جسم پر چربی بننے کا سبب بنتی ہیں۔
گرمی دور کرنے کا ذریعہ
تربوز کا استعمال گرمی کم کرنے میں مدد دیتا ہے چونکہ انسان کو گرم موسم میں پیاس زیادہ لگتی ہے اور وہ پانی کا استعمال زیادہ کرتا ہے تاہم اس کے باجود انسانی جسم میں پانی کی کمی رہ جاتی ہے۔لیکن ماہرین صحت کے مطابق تربوز میں ایسی جزیات پائی جاتی ہیں، جو نہ صرف گرمی کم کرنے میں مدد دیتی ہیں، بلکہ وہ انسانی جسم میں پانی کی نمکیات کو بھی کنٹرول کرتی ہیں۔
تربوز کے ساتھ ساتھ بیج بھی فائدہ مند
کیا آپ جانتے ہیں تربوز کے ساتھ ساتھ اس کے بیج بھی صحت کے لئے فائدہ مند ہوتے ہیں۔ماہرین کے مطابق ان بیجوں میں غذائی اجزاء کے ساتھ ساتھ مختلف صحت بخش فوائد بھی ہیں۔ ماہرین کے مطابق تربوز کے بیج پروٹین سے مالا مال ہوتے ہیں۔ان بیجوں میں اہم معدنیات،فاسفورس،آئرن،پوٹاشیم،سوڈیم،کاپر،مینگینزاور زنک شامل ہوتے ہیں اب اگلی دفعہ جب بھی آپ تربوز کھائیں تو اسے بیجوں سمیت کھائیں یا بیج نہیں کھاسکتے تو اسکے بیج دھوکر ،سکھاکر سنبھال کررکھ لیں۔تربوز کے بیج میں پروٹین وافر مقدار میں پایاجاتاہے۔جو لوگ علیحدہ سے پروٹین نہیں لے پاتے تو وہ ان بیجوں کے ذریعے پروٹین کی صحیح مقدار لے سکتے ہیں۔