• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
رائیوسی امائی

جاپان سے تعلق رکھنے والا 8 سالہ ’’رائیوسی امائی‘‘ بروس لی کا شاید سب سے بڑا مداح ہوگا، جو اس کی فلمیں دیکھ کر اس کے جیسا بنا چاہتا ہے۔ اسی چاہ میں وہ گزشتہ تین برسوں سے روزانہ 4 گھنٹوں سے زائد ورزش اور ٹریننگ کرتا ہے، جس سے اس نے اپنا جسم، بروس لی جیسے کسرتی بدن میں ڈھال لیا ہے۔ رائیوسی امائی نے تین برس قبل بروس لی کی ایکشن سے بھر پور فلم ’’دی گیم آف ڈیتھ‘‘ دیکھنے کے بعد سخت محنت کے بعد خود کو فلمی ہیرو جیسا بنایا۔ چھوٹا بروسلی روزانہ صبح 6 بجے بیدار ہوتا ہے اور اسکول جانے سے قبل ڈیڑھ گھنٹہ ورزش کرتا ہے۔ اسکول سے واپسی پر وہ کک لگاتا اور ننچکو چلاتا، بعدازاں ایک گھنٹہ دوڑتا ہے، یوں مجموعی طور پر روزانہ وہ ساڑھے 4 گھنٹے ورزش کرتا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس کے لاکھوں فالوورز ہیں۔ اسے کئی ٹی وی پروگرامز میں بھی مدعو کیا گیا ہے۔ ایک پروگرام ’سپرکِڈز‘ میں اس نے بروس لی کے تمام مشہور ایکشن سین کرکے لوگوں کو حیران کردیا۔

رائیوسی امائی کے فیس بک پر 2 لاکھ 90 ہزار فالوورز ہیں اور انسٹا گرام پر 33 ہزار افراد اس کے مداح ہیں جب کہ یوٹیوب چینل پر وہ آئے دن اپنی ویڈیوز پوسٹ کرتا ہے۔8 سالہ بچہ مستقبل میں مارشل آرٹس کا ماہر بننا چاہتا ہے تاہم سوشل میڈیا پر ناقدین نے اس کے والدین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بچے سے اپنے آئیڈیل کی تلاش میں برداشت سے باہر مشقت کرائی جارہی ہے۔

تازہ ترین