• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی رہنماؤں کی جانب سے احسن اقبال پر حملے کی مذمت

سیاسی رہنماؤں کی جانب سے احسن اقبال پر حملے کی مذمت

سیاسی رہنماؤں نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر اعظم نے احسن اقبال کو فون بھی کیا اور ان کی خیریت دریافت کی ۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی احسن اقبال پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین ، سابق وزیر اعظم نواز شریف ، سابق صدر آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، شہباز شریف نے احسن اقبال کو فون کر کے ان کی خیریت پوچھی۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی واقعے پر دکھ کا اظہار کیا ۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے احسن اقبال کی جلد صحت یابی کی دعا کی ، مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ اللہ احسن اقبال کو زندگی دے ، منافرت کا عفریت سب کچھ برباد کردے گا ، ہم سب کو مل کر اپنا گھر درست کرنا ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ، قائد حزب اختلاف خورشید شاہ ، رضا ربانی ، سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے بھی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ وہ نارووال میں احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کی مذمت کرتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت کے لئے دعا کی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیر داخلہ پر حملے کو ریاست پر حملہ قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث کردار کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ پر حملہ تشویش ناک ہے، ایسے واقعات کو روکنا ہوگا۔

آصف علی زرداری نے احسن اقبال کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ پر حملہ ملکی سیکورٹی پر بڑا سوالیہ نشان ہے، اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وفاقی وزیر داخلہ پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ احسن اقبال کی سلامتی و مکمل صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔

رہنما پی ٹی آئی عثمان ڈار نے کہا کہ معاشرے میں عدم برداشت کا ایسا رجحان خطرناک ہے، احسن اقبال کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر افسوس ہے۔

تازہ ترین