اسلام آباد(آئی این پی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ چیف جسٹس وہ کام کررہے ہیں جو حکومت کا تھا‘چیف جسٹس سے درخواست کروں گا کہ اس سلسلے میں غیر جانبدار ماہرین کی کمیٹی بنائیںتاکہ پتہ چلے کہ کے پی حکومت نے عوام کیلئے کیاکام کیا ہے‘یہ معاملات عوام کے سامنے آنے چاہیں‘پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں وہ کام کیا جو 40 سال میں کسی نے نہیں کیا‘ہم خیبر پختونخوا کے اسپتالوں میں ایسی اصلاحات لائے جو پورے پاکستان میں کہیں نہیں لائی گئیں‘چند ڈاکٹروں کوغفلت پر برطرف کیاتووہ حکم امتناع لے آئے ‘ ینگ ڈاکٹرزہماری ریفارمز کے خلاف مہم چلا رہے ہیں ۔ پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ صحت ہے، چیف جسٹس ثاقب نثار آج خیبر پختو نخوا جا رہے ہیں‘میں چیف جسٹس سے کہتا ہوں کہ آپ غیر جانبدار ماہرین کی ٹیم بنائیں جو (کے پی کے) اور دیگر صوبوں میں ہونے والے کاموں کا جائزہ لے اور یہ معاملات عوام کے سامنے آنے چاہیں، ہم اشتہارنہیں دے سکتے جبکہ ہمارے مخالفین اربوں روپے کے اشتہارات دے رہے ہیں، چیف جسٹس کے پی کے میں پولیس‘اسپتالوں کے حالات اور دیگر معاملات دیکھیں ۔