اسلام آباد (خبرایجنسی) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ لوگوں کو حقیقی طور پر ووٹ ڈالنے کی اجازت ہونا چاہئے، وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملہ افسوسناک ہے،بروقت انتخابات کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے‘ (ن) لیگ قیادت کو سیاست سے دور کرنے کی سازش ہورہی ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ مجنونانہ اور وحشیانہ عمل ہے ، ایک جید عالمہ کے صاحبزادے او رصوم و صلوۃ کے پابند مسلمان پر ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کا جھوٹا الزام لگا کر حملہ کرنا شرمناک عمل ہے،ادھروزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ یہ وزیر داخلہ پر نہیںبلکہ پاکستان کے 22کروڑ عوام پر حملہ ہوا، ہم دنیا کو اس حملے کے ذریعے کس طرح کا پیغام دینے جا رہے ہیں؟۔ پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ احسن اقبال مڈل کلاس طبقے سے تعلق رکھنے والا پاکستان کا بیٹا ہے، جس ملک کا وزیر داخلہ زخمی ہوجائے اس سے ملک کا کیا امیج ہوگا،پاکستان کا نقصان ہوا تو پاکستان کا کیا بنے گا،اس ملک میں آئین توڑا گیا جن کو ہم بناتے رہے وہ پاکستان توڑنے کی بات کرتے رہے۔