کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئندہ سال قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کراچی ریجن کی ایک ہی ٹیم شریک ہوسکے گی۔ قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو کے فائنل میں کراچی بلیوز کو ملتان ریجن کے ہاتھوں دس وکٹ سے شکست ہوگئی۔ ملتان کی ٹیم آئندہ سیزن میں فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میںحصہ لے گی۔ ملتان اسٹیڈیم میں جمعرات کو چار روزہ میچ کا فیصلہ تیسرے دن ہوگیا۔تیسرے روز 152 رنز کے خسارے سے دوچار کراچی بلیوز نے 81 رنز پر 4 وکٹوں کے نقصان پر اپنی دوسری اننگز کو دوبارہ شروع کیا اور پوری ٹیم 154 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، سیف اللہ بنگش 32، فحدث محسن 26، سعود شکیل 20 جبکہ میر حمزہ 16 رنز بنا پائے۔ ملتان کی جانب سے عامر یامین نے 32 رنز کے عوض 5 شکار کیے، ذوالفقار بابر نے 57 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، محمد عرفان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ ملتان ریجن کی جانب سے عمران رفیق نے پہلی ہی گیند پر چوکا جڑتے ہوئے تین رنز کاہدف عبور کروا دیا۔ ملتان کو پانچ لاکھ اور کراچی کو ڈہائی لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی۔ سنچری میکر عبدالر حمن مزمل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا انہیں پچاس ہزار روپے کا انعام ملا۔ حیدرآباد کے سعد خان نے450 رنز بناکر بہترین بیٹسمین کا ایوارڈ حاصل کیا۔31 وکٹ لینے والےذوالفقار بابر ٹورنامنٹ کے بہترین بولرقرار پائے۔ بہترین آل رائونڈر کا ایوارڈ ایبٹ آباد کے کامران غلام 337 رنز اور 22 وکٹ حاصل کرنے پر لے اڑے۔