جہلم(نمائندہ جنگ)وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی آمدکے موقع پرسول اسپتال میں مریضوں کا چیک اپ بندکر دیا گیا،ڈاکٹر پروٹوکول اور صفائیوں کی نگرانی پر ماموررہے جس سے ایمرجنسی کے باہر خاتون مریضہ دم توڑ گئی جبکہ کئی مریضوں کو ہسپتال سے ڈسچارج کرکے چند دن بعد آنے کی ہدایت کی گئی ۔شہباز شریف کی ہسپتال آمد کی وجہ سے چکوہا تحصیل دینہ سے ہسپتال منتقل کی جانے والی خاتون کو ایمرجنسی میں داخل نہ ہونے دیا گیا۔ خاتون کافی دیر تک ایمرجنسی کے باہر پڑی رہی اور بیماری اور گرمی کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہو گئی۔ جس پر خاتون کے اہلخانہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔