• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کراچی: اغوا کی واردات کا بھیدی ڈرائیور نکلا،2 ساتھیوں سمیت گرفتار

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں دو ہفتے قبل اسکول جاتے ہوئے 5 سالہ طالبعلم کو تاوان کیلئے اغواء کرنے کی واردات کا مرکزی ملزم گھر کا ڈرائیور نکلا جسے دو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

ایس ایس پی اے وی سی عرفان بہادر نے "جنگ" کو بتایا کہ 24 اپریل کو 5 سالہ سید شاہ ویز کو اس کے والد مقامی تاجر سید عمران کے ساتھ اسکول جاتے ہوئے اغوا کرلیا گیا تھا۔

ملزمان نے والد کو دوسری گاڑی میں منتقل کرکے بچے کی بازیابی کیلئے 15 کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا، تاہم دو ملزمان اسی روز کار میں گھومتے ہوئے دو دریا کے قریب درخشاں پولیس سے مقابلے میں ہلاک ہوگئے تھے اور بچے اور ان کے والد کو بازیاب کرالیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق مقدمے کی تفتیش کے دوران جدید تیکنیک سے دیگر ملزمان کا سراغ لگایا گیا اور ہلاک ملزمان کے مزید 3 ساتھیوں محمد سجاد، محمد حسنین اور شرافت علی عرف سونو کو آج ڈیفنس میں خیابان بدر سے گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سجاد مدعی اور بچے کے والد سید عمران احمد کے گھر کا ڈرائیور ہے جو تمام گھریلو معاملات کا بھیدی تھا، ملزم نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر واردات کا منصوبہ بنایا تھا۔

ایس ایس پی عرفان بہادر کے مطابق ملزمان نے بچے کی رہائی کیلئے 15 کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔ پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

تازہ ترین