پاکستان سے تعلق رکھنے والی اٹھارہ سالہ دانیہ حسن نے ’’ ینگ لیڈر ایمرجنگ ایوارڈ 2018 ‘‘اپنے نام کرلیا، یہ ایوارڈامریکی وزارت خارجہ کی جانب سے دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے ایمرجنگ ایوارڈ دنیا بھر سے صرف دس نوجوانوں کو دیا گیا ہے، ان دس نوجوانوں میں سے ایک پاکستانی نوجوان دانیہ حسن بھی شامل ہیں۔مذکورہ ایوارڈ شعبۂ تعلیم میں پیدا ہونے والی سماجی تبدیلیوں کے حوالے سے بہترین خدمات انجام دینے پر دیا گیا ہے۔امریکا میں منعقدہ اس تقریب میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے بھی شرکت کی، اس موقعے پر پاک امریکا بزنس کونسل کے ممبران و دیگر افراد بھی شریک تھے۔
اٹھارہ سالہ دانیہ حسن کے علاوہ ینگ ایمرجنگ ایوارڈ جیتنے والے دیگر فاتحین کا تعلق عراق، انڈونیشیا، ترکی، بنگلہ دیش، لتھوینیا، ناروے، جنوبی افریقہ، پاناما اور تاجکستان سے ہے۔تمام فاتحین کو ایوارڈ دینے کی تقریب گز شتہ دنوں واشنگٹن میں منعقد ہوئی ۔ یہ تمام طلبا وزارت خارجہ ہی کی جانب سے شروع کیے گئے ایک تربیتی پروگرام کے لیے پہلے سے امریکا میں موجود تھے۔پروگرام کے تحت ان تمام طالب علموں کو مختلف امریکی شہروں کا دورہ کروایا گیا اور ان کی قابلیت اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مختلف سیشنز کا بھی انعقاد کیا گیا۔واضح رہے کہ پاکستان کی طالبہ دانیہ حسن دو سال قبل امریکا کے تعلیمی ادارے ،جون ہاپکنس سے وظیفہ حاصل کرچکی ہیں ،جہاں سے واپسی کے بعد انہوں نے ’’فن ٹو لرن‘‘ نامی ادارے کا آغاز کیا تھا۔مذکورہ ادارہ پس ماندہ علاقوں میں قائم اسکولوں میں غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد کرتا ہے اور مختلف پروگرامز کے ذریعے بچوں کو مختلف شعبوں میںتربیت فراہم کرتا ہے۔