ملتان (نمائندہ جنگ) عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے کہا ہے کہ نوازشریف ملک میں خونی انقلاب چاہتے تھے، ہم پاک فوج اور عدلیہ کو سلام پیش کرتے ہیں،جنہوں نے ملک بچایا، سرائیکی خطہ وڈیرہ شاہی اور پولیس گردی کا شکار ہے صوبہ ہمارا حق ہے اور یہ حق ہم لیکر رہیں گے، ملک میں غربت بیروزگاری ، لوڈشیڈ نگ کا راج ہے، قلعہ کہنہ قاسم باغ پرجلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جمشیددستی نے کہا کہ میں غریب ہاری کا بیٹا ہوں جاگیرداری ، وڈیرہ شاہی ، کرپشن کیخلاف آوازاٹھائی ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ چیف جسٹس سے گزارش کرتا ہوں کہ نواز شریف کے خلاف کارروائی کی جائے،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور نواز شریف ایک ساتھ نہیں چل سکتےہیں ، میں نواز شریف اور شہباز شریف کو میر جعفر اور میر صادق کی شکل میں دیکھ رہا ہوں،انہوں نے کہا کہ جمشید دستی قومی اسمبلی میں غریبوں کی آواز ہے،میری نواز شریف سے کوئی ذاتی دشمنی نہیںہےمیں قسم کھا کر کہتا ہوں ایٹمی دھماکے تین لوگوں نے کئے تھے جس میں راجا ظفر الحق ، گوہر ایوب اور شخ رشید شامل تھے، جنہوں نے نواز شریف کو مشورہ دیا کہ اگر اب دھماکےنہ کیے تو پھر کبھی نہیں کر پائیں گے۔ شیخ رشید نے کہا نواز شریف کو تو اس بات کا بھی بہت دکھ ہے کہ کلبھوشن یادیو کو کیوں پکڑ لیا گیا اور اسکے خلاف نوازشریف کوئی بات نہیں کی ،انہوں نے کہا کہ ججز نے عظیم فیصلے کئےہیں جب نوازشریف کے خلاف انصاف پر فیصلے ہوئے تو انہوں نے چیخنا شروع کردیا،سابق وزیراعظم نوازشریف کافوج، عدلیہ اور ملک کو تباہ کرنے کا ایجنڈا ہے، انہوں نے کہا کہ میں پاکستان پر برا وقت دیکھ رہاہوں لیکن ہم اس ملک کو بچائیں گے، جلسہ سےاللہ نوازوینس،سہیل غوری، محمد اجمل چانڈیو، جام محمد یونس ، نعیم خان بلوچ و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔