• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان آج سے3روزہ ایس سی او انسداد دہشتگردی اجلاس کا میزبان

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت ہونے والے 3روزہ انسداد دہشت گردی اجلاس کی میزبانی کرے گا، پاکستان دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے ایس سی او کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، اپنے تجربات کا اس فورم کے ذریعے تبادلہ کرنے کیلئے تیار ہے، اجلاس میں چین، بھارت ، روس سمیت8رکن ممالک شریک ہونگے۔ منگل کو ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت علاقائی انسداد دہشت گردی سے متعلق قانونی ماہرین کا 3روزہ اجلاس 23سے 25مئی کو ہو گا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کی باضابطہ رکنیت کے بعد پاکستان میں ہونے والا یہ پہلا اجلاس ہو گا،ڈاکٹر محمد فیصل نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وفود کو اس اجلاس میں شرکت کیلئے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں خطے کو درپیش دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لئے غور کیا جائے گا۔ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے رکن ممالک میں تعاون اور رابطے بڑھانے پر بھی غور ہوگا، ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ علاقائی تعاون انسداد دہشت گردی، منشیات اسمگلنگ اور منظم جرائم کیخلاف ایس سی او کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ ادھر ماریانہ بابر کے مطابق بھارتی سفارتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بھارت بھی پاکستان میں ہونے والے انسداد دہشت گردی اجلاس میں شرکت کریگا۔ دفتر خارجہ کے مطابق چین، قزاقستان ، کرغستان، بھارت ، روس، تاجکستان، ازبکستان اور پاکستان کے قانونی ماہر ین ، ساتھ ہی ساتھ ایس سی او-آر اے ٹی ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے نمائندے اس اجلاس میں شرکت کرینگے۔
تازہ ترین