تعارف
نجوم کے علم میں دائرۃ البروج کا 60 سے 90 درجات پر مشتمل حصہ برج جوزا (Gemini)کہلاتا ہے۔ فطری ترتیب کے لحاظ سے یہ تیسرا برج ہے۔ سورج تقریباً 22 مئی سے 21 جون تک اس برج میں گردش کرتا ہے۔ برج جوزا کا عنصر ہوا ہے۔ماہیت ذوجسدین (جڑواں جسم)، جنس مذکر، حاکم سیارہ عطارد، منسوبی رنگ سبز، منسوبی پتھر زمرد اور عقیق، منسوبی سمت مغرب اور منسوبی حروف ک،ق ہیں۔ علم نجوم کی رو سے یہ برج مثبت خصوصیات کا حامل ہے۔
مثبت پہلو
اس برج سے تعلق رکھنے والے افراد توانائی سے بھرپور، ذہین، تصوراتی، اچھی حس مزاج رکھنے والے اور تبدیلیوں کو ساتھ لے کر چلنے والے ہوتے ہیں۔
منفی پہلو
مصنوعی، جذباتی، بے چین،جلد بھٹک جانے والےاور بروقت فیصلہ کرنے کی قوت سے عاری ہوتے ہیں۔
حیرت انگیز خصوصیات
متحرک اور ہمہ گیر، جوزا افراد ہمہ جہت اور دوہری شخصیت کے مالک ہوتے ہیں۔ نشان دو جڑواں بچوں کی وجہ سے بیک وقت کئی دلچسپیوں کے حامل، محنتی اور با عمل، بے حد ذہین، تخلیقی اور اختراعی قوتیں رکھنے والے، حساس، تنہائی پسند، گہرے جذبات کے مالک، متجسس، بے حد مصروفیت پسند، وقت ضائع کرنا گناہ کے مترادف سمجھتے ہیں۔ ممکنہ حد تک تنازعات سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں اور جب حالات قابو سے باہر ہونے لگیں تو اس جگہ کو فوری طور پر چھوڑ دیتے ہیں۔ ان کے دماغ ہر وقت بے شمار خیالات اور تصورات کے ساتھ سو میل کی رفتار کے ساتھ بھاگتے رہتے ہیں۔ جوزا افراد خوفناک حد تک آزاد پسند ہوتے ہیں اور کسی کےقابو میں آنا نہیں چاہتے۔بعض اوقات ظالمانہ حد تک فلرٹ بھی کر جاتے ہیں۔ اپنی سوچ کا اظہار کرنے میں ڈرتے نہیں ہیں۔ مددگار اور باہمت دوست ثابت ہوتے ہیں۔قسمت کے قائل ہوتے ہیں اور زیادہ تر تصویر کے روشن پہلو کو ہی دیکھتے ہیں۔ قابلِ اعتبار ہوتے ہیں۔
کاروبار اور دولت
جوزاافراد کے لیے زیادہ موزوں وہ کام ہیں جن میں عقل ودانش کا زیادہ استعمال ہو۔’میں سوچتا ہوں‘ اس برج کا بنیادی مقولہ ہے۔ یہ لوگ عمومی طور پر اعلیٰ تعلیم یافتہ اور مؤجد ہوتے ہیں۔ بحیثیت استاد، مذاکرہ کرنے والا، رپورٹر، مصنف، مبلغ اور وکیل ،یہ لوگ کامیاب ثابت ہوتے ہیں۔ اپنی جمع پونجی کا زیادہ حساب کتاب نہیں رکھتے۔
برج جوزا کی محبت کے رنگ ڈھنگ
برج جوزا سے تعلق رکھنے والے افراد (خواتین و مرد) متعدد معاشقوں، تعلقات، حتیٰ کہ شادیوں کے سبب خاصی شہرت رکھتے ہیں۔ محبت کے معاملات میں یہ لوگ عارضی پینگیں بڑھانے اور خوشیاں بکھیرنے میں بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں لیکن پھر دل توڑنے میں بھی ان کا کوئی جواب نہیں ہے۔ ان کا زاویہ نگاہ ہمیشہ ذہنی اور منطقی ہوتا ہے۔ گویا یہ محبت اور تعلقات میں دل سے نہیں بلکہ دماغ سے کام لیتے ہیں۔ اگرچہ یہ لوگ ایک ’مفروضہ آئیڈیل‘ کے حصول کے لیے سرگرداں رہتے ہیں لیکن خرابی یہ ہے کہ ان کا وہ آئیڈیل بھی ان کے وقتی موڈ کے مطابق بدلتا رہتا ہے۔ ان کے شریکِ کار یا شریکِ حیات کے لیے ذہین اور چاق و چوبند ہونا لازمی ہے۔ انہیں اپنے محبوب یا جیون ساتھی کے انتخاب میں بڑی ہوشیاری سے کام لینا چاہیے۔ انہیں ایک ایسے ساتھی کی ضرورت ہوتی ہے، جو مسلسل ان کی دل چسپیوں کو اُبھارتا رہےاور زندگی میں یکسانیت پیدا نہ ہونے دے۔ جوزا کے لیے میزان اور دلوموافق برج، جب کہ سرطان، حمل، اسد اور ثور گوارہ برج ثابت ہوسکتے ہیں۔
برج جوزا سے تعلق رکھنے والی شوبز شخصیات
انجلینا جولی
معروف ہالی ووڈ ایکٹریس انجلینا جولی 4جون 1975کو لاس اینجلس، کیلی فورنیا میں پیدا ہوئیں۔ وہ ایک اداکارہ کے علاوہ فلم پروڈیوسر، ماڈل، اسکرین رائٹر، مصنفہ، انسانی حقوق کی علمبردار ہیں۔ 2001میں اقوام متحدہ کی خیرسگالی کی سفیر مقرر ہوئیں، جب کہ 2012میں انھیں اقوام متحدہ کے کمیشن برائے تارکینِ وطن کا سفیر مقرر کیا گیا۔ اکیڈمی ایوارڈ، دو اسکرین ایکٹرز گِلڈ ایوارڈزاور تین گولڈن گلوب ایوارڈزحاصل کرچکی ہیں۔ انجلینا جولی کو ہالی ووڈ کی سب سے مہنگی اداکارہ کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
جانی ڈیپ
معروف ہالی ووڈ ایکٹر جان کرسٹوفر ڈیپ II(جانی ڈیپ) 9جون 1963کو اوینسبورو، کینٹکی میں پیدا ہوئے۔ وہ اداکار کے علاوہ موسیقار، فلم پروڈیوسر، اسکرین رائٹر بھی ہیں اور اپنا ریستورانوں کا کاروبار بھی چلاتے ہیں۔تین بار اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہوچکے ہیں، جب کہ بہترین اداکار کا گولڈن گلوب اور اسکرین ایکٹرز گِلڈ ایوارڈ جیت چکے ہیں۔ جانی ڈیپ80کی دہائی میں ٹیلی ویژن سیریز 21 Jump Streetکے ساتھ اُبھر کر سامنے آئے اور دیکھتے ہی دیکھتے ٹین ایجرز کے فیورٹ بن گئے۔2012کے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں 75ملین ڈالرز(ساڑھے سات کروڑ ڈالرز یا پاکستانی کرنسی میں ساڑھے آٹھ ارب روپے سے زائد)آمدنی کے ساتھ جانی ڈیپ کو ہالی ووڈ کا مہنگا ترین اداکار قرار دیا گیا۔
ضیاء محی الدین
بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستان کے لیجنڈری اداکار ضیاء محی الدین20جون 1933کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے۔ وہ اداکار کے علاوہ پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور ٹیلی ویژن براڈکاسٹر رہے ہیں۔ پاکسانی سنیما اور ٹیلی ویژن کے ساتھ ساتھ برطانوی سنیما اور ٹیلی ویژن پر بھی کام کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔50کے عشرے میں اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹس، لندن میں تھیٹر کی تربیت حاصل کرچکے ہیں۔ ضیاء محی الدین2003میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز اور 2012میںصدرِ پاکستان سے تمغہ ہلالِ امتیاز حاصل کرچکے ہیں۔
سونم کپور
بالی ووڈ اداکارہ اور پروڈیوسر سونم کپور 9جون 1985کو پیدا ہوئیں۔ سونم، انیل کپور کی بیٹی ہیں، جب کہ گزشتہ دنوں شادی کے بعد وہ’’ سونم’ کے‘ آہوجا‘‘ بن چکی ہیں۔سونم اپنے بہترین فیشن اور اسٹائل کے باعث مشہور ہیں۔ خواتین کے حقوق کی علمبردارسمجھی جاتی ہیںاور اپنے دماغ سے بولنے کے حوالے سےشہرت رکھتی ہیں۔
کرن جوہر
بالی ووڈ کے معروف فلم میکر اور کئی ڈائریکٹرز اور ایکٹرز کے Mentorکرن جوہر 25مئی 1972کو پیدا ہوئے۔ کرن جوہر ایک Visionaryفلم میکر ہیں، جنھوں نے اپنے لیے بڑی محنت سے یہ مقام بنایا ہے۔