• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی عدالت میں اٹھائے، جاوید احمد شاہ

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ وٹفورڈ برانچ کا اجلاس زیر صدارت سید جاوید احمد شاہ منعقد ہواجس میں تمام ممبران نے شرکت کی۔ دوران اجلاس ممبران نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا، آزاد کشمیر حکومت کا شمالی علاقہ جات سے عدم دلچسپی، آزاد کشمیر کے بجٹ میں ضلع کوٹلی کو نظر انداز کرنا، حریت کانفرنس کی کشمیر پالیسی اوردیگر اہم معاملات کو زیر بحث لایا ۔اس موقع پر سید جاوید احمد شاہ نے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ میں بھارت کے بڑھتے ہوئے جنگی جرائم اور مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کو سامنے رکھتے ہوئے بھارت کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں کشمیریوں کا مقدمہ پیش کرے۔ انہوں نے کہا بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے مقدمہ کے ساتھ پاکستانی مسئلہ کشمیر بھی اٹھائے۔ عدالت انصاف میں کشمیری قیادت کو بھی پیش کیا جائے تاکہ وہ اپنی داستان ظلم عالمی برادری کے سامنے پیش کرسکیں۔ سید جاوید احمد شاہ نے مقبوضہ کشمیر میں حریت کانفرنس کے رہنما سید علی گیلانی کی کشمیر پالیسی پر کہا کہ بھارت کی طرف سے کشمیر پر مذاکرات کی تجویز کو مسترد نہیں کرنا چاہیے تھا بلکہ وہ بھارت کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش کو اقوام متحدہ کی زیر نگرانی سہ فریقی مذاکرات کا مطالبہ کرے۔ برانچ کے سینئر نائب صدر چوہدری سعید نے کہا اقوام متحدہ کی قراردادوں، معاہدہ کراچی اور پاکستان کے1973ء کے آئین کے تحت گلگت بلتستان کے شمالی علاقہ جات ریاست جموں کشمیر کا حصہ ہیں۔ رائے شماری سے قبل ان علاقوں کی قانونی و آئینی حیثیت تبدیل نہیں کی جاسکتی۔ برانچ کے نائب صدر چوہدری محمد رفیق نے کہا آزاد کشمیر کے بجٹ میں ضلع کوٹلی کی آٹھ لاکھ آبادی کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر ضلع کوٹلی کی تعمیر و ترقی کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کریں۔ برانچ کے جنرل سیکریٹری چوہدری محمد اقبال تبسم نے کہا کہ گل پور ڈیم کی طرح تتہ پانی ساوڑ کے مقام دریائے پونچھ ڈیم تعمیر کیا جائے۔ یہ منصوبہ حکومت کے ریکارڈ میں موجود ہے۔ ضلع کوٹلی کی بڑھتی ہوئی آبادی اور ریاست کی تعمیر و ترقی کے لیے یہ ڈیم فوری تعمیر کیا جائے۔ انہوں نے آزاد کشمیر گورنمنٹ کے وزیر جنگلات سے مطالبہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے جنگلات کو تحفظ دیا جائے۔
تازہ ترین