• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے شاید آئین نہیں پڑھا، مریم اورنگزیب

عمران خان نے شاید آئین نہیں پڑھا، مریم اورنگزیب

سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ‎نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاملے میں پی ٹی آئی نے مضحکہ خیز طرز عمل کا مظاہرہ کیاجبکہ عمران خان اور ان کے حواریوں میں سے شاید کسی نے بھی آئین نہیں پڑھاہے۔

ماڈل ٹائون میں ن لیگی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب کا کہناتھاکہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کی 5 سالہ کارکردگی پر بات ہوئی جب کہ اس دوران عام انتخابات سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہےکہ انتخابات بروقت ہوں گے، عوام بھی تیار نظر آتے ہیںجبکہ نگراں حکومت کی سب سے بڑی ذمے داری انتخابات کا بروقت انعقاد ہےاور مسلم لیگ ن کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو ہے، ہم نے ووٹ اور ووٹر کو عزت دی۔

انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف جوکر پارٹی ہے اس کا تماشا پورا پاکستان دیکھ رہا ہے ،تحریک انصاف کا لیڈر شیروانی کی خواہش تو رکھتا ہے لیکن ایک صوبے کا نگراں وزیراعلی کافیصلہ نہیں کرپارہا اور جو پارٹی ایک نام نہیں بتاسکتی وہ خود کو ملک کی باگ دوڑ سنبھالنے کے لیےتیار کہتی ہے تاہم تحریک انصاف کو مشورہ ہےکہ وہ آئین کامطالعہ ضرور کرلے۔

ان کا کہنا تھا کہ کارکردگی کی بنیاد پرانتخابات میں ن لیگ کی ہی جیت ہوگی ،ن لیگ پورے پاکستان میں اکٹھی کھڑی ہےجبکہ ہرکوشش کےباوجود ن لیگ متحد ہے اور وہی لوگ چھوڑ کر گئے جو کبھی ن لیگ کا حصہ نہیں تھے۔

چودھری نثار سے متعلق سوال کے جواب میں مریم اورنگزيب نے کہا کہ چودھری نثار سے جونیئرہوں اور ان کے معاملات پر تبصرہ نہیں کروں گی۔

تازہ ترین