• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیابھرمیں رمضان اور اس کے بعد عید کا تہوار انتہائی مذہبی جوش و جذبے سے منایاجاتا ہے۔ ہرکسی کی کوشش ہوتی ہے کہ رمضان کے بابرکت مہینے سے پوری طرح فیضیاب ہوں اور عید کی خوشیاں اپنے پیاروں کے ساتھ گزاریں۔دیگرافراد کی طرح فنکاربھی رمضان کے روزے رکھتے اوراپنے گھروالوں، دوستوں اورمداحوں کے ساتھ عید مناتے ہیں۔بالی وڈ کے سپراسٹارز کس طرح ہرسال رمضان اور عید کے مبارک لمحات سے لطف اٹھاتے ہیں یہ ہم آپ کو بتاتے ہیں۔

شاہ رخ خان

بالی ووڈ سپراسٹارز کے رمضان اور عید

بالی وڈ کے کنگ خان کے لیے بھی رمضان کا مہینہ بہت خاص ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس مبارک مہینے میں اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگنے کا موقع ملتا ہے۔ہم اپنی استطاعت کے مطابق غریب اور ضرورتمندوں کی مدد کرکے نیکیاں حاصل کرسکتے ہیں۔ 

عید کا تہوار وہ اپنے گھروالوںاورمداحوں کے ساتھ گزارتے ہیں۔ ان کے لیے بچوں کے ہمراہ عید کی نماز پڑھنا سب سے زیادہ پرجوش اور خوشی کا لمحہ ہوتاہے۔

عامرخان

بالی ووڈ سپراسٹارز کے رمضان اور عید

مسٹرپرفیکشنسٹ کے نام سے مشہوربالی وڈ کے معروف اداکار عامرخان کاکہنا ہے کہ مذہب کسی کا بھی ذاتی معاملہ ہے اور اس کا اس سے دلی لگاؤ فطری ہے۔ مذہب کے تمام تقاضوں کو پورا کرنا ہر کسی کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انسانوں کی فلاح کے لیے کچھ اچھاکرنا بھی ضروری ہے۔ ایک مہینے کے روزوں کے بعد عید کا موقع آتا ہے جسے وہ اپنے گھروالوں کے ساتھ گزار کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔

سیف علی خان

بالی ووڈ سپراسٹارز کے رمضان اور عید

بھوپال کے نواب گھرانے سے تعلق رکھنے والے سیف علی خان کے گھر میں رمضان کا بہت احترام کیا جاتا ہے۔ رمضان کے مقدس مہینے میں نماز اور روزے کا باقاعدگی سے اہتمام کیاجاتا ہے ۔تمام برے کاموں سے بچاجاتاہے اور کوشش کی جاتی ہے کہ رمضان کی تمام عبادات خوش اسلوبی سے کی جائیں۔ سیف کے مطابق وہ کوشش کرتے ہیں کہ کوئی بھی ان کے گھر سے خالی ہاتھ نہ جائے۔

کرینہ کپور بھی سیف علی خان کی فیملی کے ساتھ رمضان اور عید کی خوشیاں بانٹتی ہیں اور کوشش کرتی ہیں کہ گھر کے افراد کی تقلید کریں۔ سیف عید کے تہوار پر اپنے گھر والوں اور آبائی شہر بھوپال کے مقامی لوگوں کے ساتھ خوشیاں مناتے ہیں۔

شبانہ اعظمی

بالی ووڈ سپراسٹارز کے رمضان اور عید

شبانا اعظمی بھی رمضان کے روزے رکھتی ہیں اورروایت کے مطابق اپنے گھروالوں اور دوستوں کے ساتھ اس مہینے کی برکتوں سےفیض یاب ہوتی ہیں۔عیدپر ان کے گھرمیں کھانوں کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے جن میں بریانی، کباب، آلو گوشت، مرچوں کا سالن اور شیرخورماشامل ہے۔ 

چاند رات کوشبانہ اعظمی کے گھر میں بادام پستے کاٹنے کے لیے سب جمع ہوجاتے ہیں، بچیوں کے مہندی لگتی ہے اور چوڑیوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

ارشد وارثی

بالی ووڈ سپراسٹارز کے رمضان اور عید

سرکٹ کے نام سے شہرت حاصل کرنے والے ارشد وارثی کا کہنا ہے کہ درحقیقت رمضان کے روزے رکھنے اور عیدمنانے کااصل مزہ بچپن میں ہی آتا ہے۔عید کے روز ارشد وارثی نماز سے فارغ ہوکر اپنے گھرمیں آئے رشتے داروں سے ملتے ہیں،گھر میں بنا شیرخورما اور بریانی کھائی جاتی ہے۔ 

سلمان خان

دبنگ خان کے گھرمیں رمضان اور عید پورے مذہبی جوش و جذبے اور روایتی انداز میں منائے جاتے ہیں۔سلمان خان کا ماننا ہے کہ اللہ کی طرف سے رمضان فضل وکرم کامہینہ ہے جس میں وہ اپنے بندوں کے گناہ معاف کردیتاہے۔ہمارا قلب اورروح پاک ہوجاتی ہے جس سے اللہ ہمیں بہتر انسان بننے کا موقع فراہم کرتاہے۔ پورا مہینہ عبادات کے بعد عید آتی ہے جس پرہر چہرہ خوشی سے جھوم اٹھتا ہے، انواع اقسام کے کھانے بنائے جاتے ہیںاور عید کی نماز کے بعد ایک دوسرے کو تحائف دیے جاتے ہیں۔ سلمان خان کوشش کرتے ہیں کہ عید کاپورا دن اپنے گھروالوں کے ساتھ گزاریں۔

بالی ووڈ سپراسٹارز کے رمضان اور عید

اربازخان

ارباز خان کا کہنا ہے کہ ہمارا خاندان شروع سے ہی مذہبی رجحان رکھتا ہے اوربچپن سے ہی ہمیں نماز اور قرآن پڑھنے کی تلقین کی جاتی تھی۔ رمضان میں تراویح کا بھی باقاعدگی سے اہتمام کرتے تھے ۔ آج بھی میں رمضان کا مبارک مہینہ اسی مذہبی جذبے اور احترام سے گزارتاہوں۔عید کی خوشیاں گھروالوں کے ساتھ گزارتاہوں اورہم آپس میں تحائف کا تبادلہ کرتے ہیں۔ 

تازہ ترین