بالی ووڈ میں کامیابی سمیٹنا آسان کام نہیں،کہاجاتا ہے کہ بالی ووڈ میں بھی اقربا پروری کا رجحان کہیں زیادہ ہے۔ دیکھا جائے تومستقبل میں سپر اسٹار کی اولادیں ہی بالی ووڈ پر راج کرتی نظر آتی ہیں لیکن اس کے علاوہ کچھ اداکارائیں ایسی بھی ہیں جن کا تعلق بالی ووڈ توکیا بھارت سے بھی نہیں ہے۔
تاہم اس کے باوجود ان اداکاراؤں نے بالی ووڈ میں اپنا ایک مقام بنایا اور اپنے ٹیلنٹ و اداکاری کی بدولت دنیا بھر میں خاصی مقبولیت حاصل کی۔ ان میں سے کچھ اداکارائیں تو ایسی ہیں جنھیں بالی ووڈ میں انٹری دینے کے بعد ہندی اور اردو سیکھنے میں بھی کافی مشکلات کا سامنا رہا، یہ اداکارائیں کون ہیں اور ان کا تعلق کن ممالک سے ہے، آئیے ڈالتے ہیں ان پر ایک نظر۔
جیکولین فرنینڈس :سری لنکا
بالی ووڈ کی خوبرواورکامیاب اداکارہ جیکولین کا تعلق سری لنکا سے ہےجبکہ جیکولین کی ماں کا تعلق ملائیشیا سے ہے۔جیکولین نےسڈنی یونیورسٹی سے ماس کمیونیکیشن میں گریجویشن کرنے کے بعد سری لنکن میں رپورٹر کے طور پربھی کام کیا ۔
بالی ووڈ میں جیکولین کی انٹری نے انھیں جلد ہی ایسے اداکاروں کی فہرست میں شامل کردیا جو’’ آئے اور چھاگئے ،،کے مصداق آگے بڑھتے ہیں،جہاں جیکولین کی کامیابی میں ان کے ٹیلنٹ کا ہاتھ ہے وہیں ان کی خوبصورتی کا بھی۔
2006 میں جیکولین نے 'مس یونیورس سری لنکا کا خطاب جیتا اور 2009میں بالی ووڈ فلم الہ دین سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا ۔
قطرینہ کیف :برطانیہ
قطرینہ کیف کا شمار بھی بالی ووڈ کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جن کا تعلق بھارت سے نہیں ہے ۔قطرینہ نے ہانگ کانگ میں جنم لیا ان کے والد کشمیری جبکہ والدہ برطانوی شہری ہیں۔
2003 ء میں قطرینہ نے بالی ووڈ میں انٹری فلم ’’بوم ،، کے ذریعے دی، اگرچہ یہ فلم کامیابی حاصل نہ کرپائی اور ناکام ہوگئی لیکن اس فلم کے بعد قطرینہ نے بالی ووڈ کو کئی کامیاب فلمیں دیں جو ان کی وجہ شہرت بنی۔
صبا قمر :پاکستان
صبا قمر پاکستانی اداکارہ اور ماڈل ہیں جن کا تعلق پنجاب کے شہر گوجرانوالہ سے ہے ،فلمی کیریئر کا آغاز صبا قمر نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری سے کیا۔پاکستان کی یہ خوبرو اداکارہ بالی ووڈ انڈسٹری کو اتنا بھائیں کہ ساکیت چوہدری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم’’ ہندی میڈیم ،،کے لیے منتخب کرلیا ۔فلم نے نہ صرف بھارت بلکہ چین اور دوسرے ممالک میں بھی ریکارڈ توڑ بزنس کیا۔
یہ فلم بالی ووڈ کی سپر ہٹ فلموں میں سےایک رہی۔ فلم کو بہترین فلم اور صبا قمر کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنے والے بھارتی اداکار عرفان خان کو بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا ۔
سلمیٰ آغا :پاکستان
ماضی کا مشہور گانا’’دل کے ارماں آنسوؤں میں بہہ گئے،، سلمیٰ آغا کی یا د دلاتا ہے۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والی بالی ووڈ کی مقبول اداکارہ سلمیٰ آغا کراچی میں پیدا ہوئیں اور لندن میں پلی بڑھیں۔ سلمیٰ آغا نے 1980 اور 1990 کی دہائی میں صرف پاکستان کے ہی نہیں بلکہ ہندوستانی شائقین کے دلوں پر بھی راج کیا۔
ان کی کامیاب بالی ووڈ فلموں میں نکاح ،قسم پیدا کرنے والےکی ،اونچے لوگ اور طوائف شامل ہیں۔ وہ نہ صرف کامیاب اداکارہ ہیں بلکہ ایک بہترین گلوکارہ بھی رہیں۔
ریچل شیلے :انگلینڈ
16سال قبل ریلیز ہونے والی بالی ووڈ بلاک بسٹر فلم’’لگان‘‘کی مقبولیت آج بھی سر چڑھ کر بولتی ہے ،اس فلم کے تمام اداکاروں نے اپنے کرداروں کو بخوبی نبھاتے ہوئے اسےبلاک بسٹر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
لگان میں ایک ایسا ہی کردار الیزابتھ رسل کا کردار نبھانے والی گوری میم کا ہے ۔یہ کردار ہالی ووڈ ایکٹر ریچل شیلے نے اداکیا۔ جن کا تعلق انگلینڈ سے ہے ۔ اس برطانوی اداکارہ کے کریڈٹ پرعامر خان کی مشہور اور کام یاب فلم لگان (ونس اپون آ ٹائم ان انڈیا) میں کام کیا۔
منیشا کوئرالہ :نیپال
فلم 'سوداگر سےبالی وود میں انٹری دینے والی منیشا کوئرالہ کے مداحوں کی کمی نہیں، اگر آپ بھی منیشا کو انڈین سمجھتے ہیں تو یہ آپ کی خام خیالی ہے،منیشا کوئرالہ کا تعلق نیپال سے ہے اور وہ کھٹمنڈو میں پیدا ہوئی ۔
ان کی پہلی فلم نیپالی زبان میں 1989 میں نیپال میں ریلیز ہوئی تھی جس کا نام’’ 'فیری بتھولا‘‘ تھا۔