آج ہم جن سیلیبریٹیز کی چکا چوند کرتی زندگی سے متاثر ہیں ، انہوں نے بھی کبھی آغاز کیا ہوگا اور ایک طویل سفر طے کرکے فلمی دنیا کے روشن ستارے بن گئے۔ ٹین ایج میں پہلی پہلی بار اسکرین پر نمودار ہونے سے پہلے یا شاید بعد میں بھی کسی نے نہیں سوچا ہوگاکہ وہ کروڑوں ڈالر کمار ہا ہوگا اور لاکھوں لوگ ان کا نام لے کر آہ بھرتے ہوں گے۔
اس وقت ان ستار وں کا جو طمطراق ہے وہ پہلے نہ تھا۔ اس مضمون سے بہت سے قارئین کو شاک بھی لگے گا ان کے ڈریم اسٹارز بھی کبھی ’’ ایویں‘‘ ہی سے تھے۔ تو دیکھتے ہیں کہ یہ Hotاسٹارز اپنی پہلی فلم میں کتنے Coolدکھائی دیتے تھے۔
لیونارڈ وڈی کیپریو : (Critters 3' (1991
لگتاہے بہت زیادہ مشہور اداکار وںنے اپنے سفر کا آغاز ڈرائونی فلموں سے ہی کیا ہے۔ اس فلم میں لیونارڈو نے جوش کا کردار ادا کیا اور وہ سین تو بہت شاندا ر کیا جس میں وہ اپنے سوتیلے باپ کو مار دیتاہے۔ اسی سال لیونارڈو نے ایک ٹی وی شو ــ ’’ Growing Pains‘‘ میں بھی کام کرنا شروع کردیا تھا۔ جو فلم کے مقابلے میں بہتر فیصلہ تھا۔
جولیا رابرٹس: (Satisfaction (1988
جولیا رابرٹس تو فلم "Mystic Pizza"سے ہی اسٹار بن گئی تھی لیکن اس سے قبل وہ چھوٹے چھوٹے کردار مختلف فلموں میں کر چکی تھی۔ ایک فلم ــ’’ فائر ہائوس‘‘ بھی اس کے کریڈٹ پر ہے لیکن فلم ’’ سیٹسفکشن ‘‘ کے کردار ڈیرل سے اسے پہچان ملی۔
جینیفر لارنس (Garden Party (2008
ہالی ووڈ کے اے کلاس ہیروئن بننے سے قبل ہنگر گیمز گرل جینفرلارنس اپنی پہلی فلم ’’ گارڈن پارٹی ‘‘ سےپہلے فلم ’’ مونک‘‘ اور ’’ کولڈ کیس ‘‘ میں مہمان کردار ادا کرچکی تھی۔ اس فلم میںجینفر نے ٹِف کا کردار ادا کیا جو فلم کے مرکزی کردار کی دوست ہوتی ہے اور اسی کی وجہ سے بے چارہ ہیرو مشکلات کا شکا ر ہوتارہتاہے۔ اس فلم کے بعد تو جینیفر نے ہر فلم کے بعد پارٹی ہی منائی ہے۔
بریڈپٹ (The Dark Side of the Sun (1988
بریڈ پٹ نے کیریئر کے آغاز سے قبل بہت سے گمنامی والے کردار بھی ادا کیےلیکن اسے پہچان یوگو سلاوین امریکن ڈرامہ ’’ دی ڈارک سائڈ آف دا سن ‘‘ سے ملی ۔ بریڈ نے اس فلم میں رِک کا کردار ادا کیا جسے جِلد کی بیماری ہوتی ہے اور اسے دھوپ سے بچ کر زندگی گزارنی ہوتی ہے ۔
ایمی ایڈمز: (Drop Dead Gorgeous (1999
اس کلاسک سیریز میں صرف ایمی ایڈمز ہی نہیں بلکہ کرسٹن ڈنسٹ، کرسٹی ایلی، ڈینس رچرڈز اور ایلن برکن نے بھی پہلی بار اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اس میں ایمی نے مقابلہ حسن کی امید وار کا کردار نبھایا اور ہر منظر پر وہ چھائی رہی جس میںبھی وہ نظرآئی۔
جانی ڈیپ : (A Nightmare on Elm Street (1984
بچپن میں ہماری یہ پہلی ہارر فلم تھی اور ہمیں یہ فلم دیکھنے کے کئی دن بعد تک نیند نہیں آئی ، اور ہم یہ بھی نہیں جانتے تھے کہ یہ جانی ڈیپ جیسے سپر اسٹا رکی بھی پہلی فلم ہے۔ گلین کا کردار نبھاتے ہوئے جانی ڈیپ جب اپنے بیڈ پر لیٹا میوزک سن رہاہوتاہے تب فریڈی کروگر اس پر اپنا وار کرتاہےاور پورے کمرے میں خون کا فوارہ پھیل جاتاہے۔ جانی ڈیپ کو بھی شاید یہ فلم ڈراؤنا خواب ہی لگتی ہوگی۔
میرل اسٹریپ(Julia (1977
آپ یقین کریں یا نہیں وہ ہمیشہ سے ایکٹنگ کوئن نہیں تھی ۔ اس سے پہلے کہ وہ کئی آسکرز کیلئے نامزد ہو ، میرل نے فلم ’’ جولیا ‘‘ میں ایک مختصر کردار ادا کیا تھا ۔ جس میں جین فونڈا اور ونیزہ ریڈگریو نے بھی کام کیا تھا۔ یہ فلم ایک پلے رائٹرللیان (جین فونڈا) اور اس کی دوست جولیا (ونیزہ) کے بار ے میں تھی جو نازی جرمنی کو پیسے اسمگل کرنے کیلئے اس کا استعمال کرتی ہے۔