• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کار اور موٹرسائیکل میں ٹکر، ایک نوجوان ہلاک، دوسرا زخمی

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) پبن تھانے کی حدود میں تیزرفتار کار نے موٹرسائیکل کو ٹکرماردی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا، بڈھانی تھانے کی حدود میں حیدرآباد سے ہالا جانے والی مسافر وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، وین جل کر خاکسترہوگئی، 19 مسافر اور ڈرائیور معجزانہ طورپر محفوظ رہے، فورٹ تھانے کی حدود سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی جسے سول اسپتال میں شناخت کے لئے رکھوادیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پبن تھانے کی حدود میں جھنڈو مری روڈ پرتیزرفتار کار نے موٹرسائیکل کو ٹکرماردی، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل چلانے والا 17سالہ اظہر پتافی موقع پر ہی ہلاک اور پیچھے بیٹھا عبیداللہ زخمی ہوگیا، فوری اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ ہلاک وزخمی ہونے والوں کو سول اسپتال پہنچایا، تاہم و رثا نے کسی قانونی کاروائی سے انکارکردیا اور لاش گھر لے گئے ۔ اپولیس کے مطابق کار ڈرائیور اور موٹرسائیکل سواروں کاتعلق ایک ہی گوٹھ سے ہے، دونوں گاڑیاں پولیس نے تحویل میں لے لی ہیں، تاہم ورثانے کسی قانونی کاروائی سے انکار کردیا ہے جس کے باعث کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ علاوہ ازیں بڈھانی تھانے کی حدود میں نیشنل ہائی وے پر حیدرآباد سے ہالا جانے والی مسافر وین کی وائرنگ میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری وین کو لپیٹ میں لے لیا ، وین ڈرائیور سمیت تمام 18مسافر معجزانہ طورپر محفوظ رہے، تاہم مسافر وین آتشزدگی کے باعث جل کر خاکسترہوگئی، پولیس کاکہناہے کہ آگ گاڑی کی وائرنگ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی تاہم مسافرمحفوظ رہے ۔دریں اثناءفورٹ تھانے کی حدود میں باچاخان چوک کے علاقے میں خیبرہوٹل کے قریب سے 65 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے علاقہ مکینوں کی اطلاع پر فورٹ پولیس نے تحویل میں لیکر ایدھی رضاکاروں کی مدد سے سول اسپتال پہنچادیا ۔ جہاں ضروری کاروائی کے بعدلاش شناخت کے لئے اسپتال کے سردخانے میں رکھوادی گئی ہے پولیس کاکہناہے کہ متوفی حلیہ سے گداگرمعلوم ہوتا ہے۔
تازہ ترین