• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹکٹ اسے دیا جو الیکشن لڑنا جانتا ہے،عمران خان

ٹکٹ اسے دیا جو الیکشن لڑنا جانتا ہے،عمران خان

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ ہم اگلا الیکشن جیتنے کے لیے لڑ رہے ہیں،ہم ٹکٹ اس کو دے رہے ہیں جو الیکشن لڑنے کی سائنس جانتا ہو۔

انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر بنی گالہ میں دھرنے پر بیٹھے کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ٹکٹ کے فیصلوں پر دوبارہ غور کر رہے ہیں، امید ہےآئندہ 3 دنوں میں احتجاجی کارکنوں کے گلے شکوے دور ہو جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کے لیے 126 دن ڈی چوک میں دھرنا دیا لیکن اس سے بھی مشکل کام ٹکٹوں کی تقسیم ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ساڑھے 4 ہزار لوگوں نے ٹکٹ کے لیے اپلائی کیا تھا، ہم نے امیدواروں کو ٹکٹ دئیے، لوگوں نے اعتراض کیا جس پر ہم نے نظر ثانی کی۔

انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم پر اعتراض آپ لوگوں کا حق تھا، آپ لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ تین روز میں ٹکٹوں کی تقسیم کا جائزہ لےکر فیصلہ کروں گا، کسی کے ساتھ نا انصافی نہ ہو جائے اس لیے اللہ سے ڈرتا ہوں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ زیادہ تر حلقوں میں واضح تھا کہ ٹکٹ کس کو ملنا چاہیے اس لیے ٹکٹ ان امیدواروں کو جاری کیے جو الیکشن لڑنا جانتے ہیں، الیکشن جیتنے کے لیے لڑ رہے ہیں کیونکہ جیتیں گے تو ملک میں تبدیلی لے کر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کسی بھی رشتہ دار یا دوست کو ٹکٹ نہیں ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے مشکل کام خواتین کو ٹکٹ دینا ہے، ن لیگ میں کوئی میرٹ نہیں ہے، وہاں پر جن خواتین کو ٹکٹ ملے ان میں سے کوئی کسی کی بیوی ہے، کوئی خالہ ہے تو کوئی کسی کی بہن ہے۔

تازہ ترین