کوئٹہ (خ ن)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر)طاہر ظفرعباسی نے کہاہے کہ عام انتخابات کے پرامن ماحول میں انعقاد کے سلسلے میں تمام ممکن وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہرممکن یقینی بنا یا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عام انتخابات2018ء کے انعقاد اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کے سلسلے میں ڈسٹر کٹ الیکشن مانیٹرنگ افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کوئٹہ ندیم اصغر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کوئٹہ نصیب اللہ کاکڑبھی موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کے لئے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق کی پاسداری اور عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں تمام امیداواروں کی انتخابی سرگرمیوں پر مکمل نظر رکھی جائے گی اس سلسلے میں انتظامیہ کی جانب سے تمام جلوسوں ،کارنر میٹنگ اور ریلیوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے گی اوران کی انتخابی سرگرمیوں کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر انتظامیہ کو دی جائے گی۔اس کے علاوہ شہر بھر میں آیزواں بینرز،پوسٹرز اور پمفلٹ مقررہ سائز کے برعکس جس میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہورہی ہو انہیں فوری طور پر ہٹاکر متعلقہ امیدواران کے خلاف الیکشن کمیشن قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔