• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
آج اپنی دعوت آپ کریں

ہماری مشرقی تہذیب و روایات سے جڑے کھانے اب شاذو نادر ہی تقریبات یا دعوتوں کی زینت بنتے ہیں۔تاہم آج بھی پلاؤ اور زردے کےجوڑکا جواب نہیں۔دعوتوں میں اگر دسترخوان پر مشرقی کھانے مل جائیں تو خاص کر بڑے بوڑھے دادو تحسین دیے نہیں رہتے۔آج ہم نے اپنی روایت کو زندہ کرتے ہوئے مڈویک کچن میں پلاؤ اور زردے کی تراکیب کو شامل کیا ہے۔

…پوٹلی یخنی پلاوٴ …

اجزاء:گوشت (بکرا یا گائے)آدھا کلو،باسمتی چاول 750گرام، پیاز 1عدد (سلائس کاٹ لیں)،دہی آدھا کپ ،لونگ 4 عدد، زیرہ 1چائے کا چمچہ،دار چینی 1ٹکڑا، سبز الائچی 8-10 عدد، ثابت سیاہ مرچیں آدھا چائے کا چمچہ،ادرک، لہسن پیسٹ 1چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ،تیل حسبِ ضرورت۔

پوٹلی کے اجزاء: سونف ڈیرھ کھانے کا چمچہ،ثابت دھنیا 1کھانے کا چمچہ،ادرک 1ٹکڑا، لہسن 1پوتھی، لونگ 8-10 عدد، ثابت سیاہ مرچیں 7-8 عدد، پیاز 1عدد (دھو کر اُلٹی طرف سے چھلکا اتارلیں)، نمک حسبِ ذائقہ۔

ترکیب:ململ کے کپڑے میں سونف، ثابت دھنیا، ادرک، لہسن، ثابت سیاہ مرچیں، لونگ اور پیاز ڈال کر پوٹلی بنالیں۔دیگچی میں گوشت، نمک، پوٹلی اور 7-8 گلاس پانی شامل کر کے درمیانی آنچ پرڈھک کر پکائیں۔گوشت گل جائے تو پوٹلی نکال کر یخنی چھان کر الگ رکھ لیں اور بوٹیاں الگ کر لیں۔بڑی دیگچی میں تیل گرم کر کے پیاز ڈال کر سنہری فرائی کر لیں۔زیرہ، دار چینی، لو نگ، سیاہ مرچیں اور سبز الائچی ڈال کرکڑ کڑائیں۔ادرک، لہسن پیسٹ اور دہی ڈال کربھون لیں۔یخنی، گوشت اور چاول شامل کرکے نمک چیک کر لیں۔ درمیانی آنچ پر پکائیں۔ چاول پک جائیں تو 5-8 منٹ کا دم دے کر سرونگ ڈش میں نکالیں اور رائتے کے ساتھ گر م گرم سرو کریں۔

…نورتن پلاؤ…

اجزاء: مرغی کی بوٹیاں(بغیر ہڈی)آدھا کلو، چاول (اُبلے ہوئے) آدھا کلو، گاجر (قتلے کٹے ہوئے)ایک عدد،مٹر(ابلی ہوئی) ایک پیالی،شملہ مرچ(موٹی کٹی ہوئی) ایک عدد،ہرا دھنیا(باریک کٹا ہوا) ایک گڈی، ہری مرچیں(موٹی کٹی ہوئی)10 عدد، آلو بخارے50 گرام،ثابت گرم مسالہ ایک کھانے کا چمچہ،زردے کارنگ ایک چائے کا چمچہ،کٹی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ،نمک ایک چائے کا چمچہ، تیل آدھی پیالی۔

ترکیب: دیگچی میں تیل گرم کریں ،اس میں سبزیوں اور مرغی کوسنہری تل کر نکال لیں،اسی دیگچی میں گرم مسالہ،آلو بخارے،مرغی،کالی مرچ اور نمک ملا کر چند منٹ تک بھونیں پھر چاول اور سبزیاں ملالیں۔اس کے اوپر ہرا دھنیا پودینہ ہری مرچیں اور زردے کا رنگ کا پھیلا کر ڈالیں اور دم پر رکھ دیں۔

…افغانی چنا پلاؤ …

اجزاء: کابلی چنے(ابلے ہوئے)ڈیڑھ پیالی،چاول(بھیگے ہوئے)2 پیالی،پیاز ایک عدد،ٹماٹر(چوپ کئے ہوئے)ایک عدد،دہی ایک چوتھائی پیالی،پسا ہوا لہسن ادرک ایک کھانے کا چمچہ،پسی ہوئی لال مرچ ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،ثابت سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ،ثابت کالی مرچیں 8 عدد،دارچینی 2 عدد،لونگیں 4 عدد،چھوٹی الائچیاں 2 عدد،پسا ہوا گرم مسالہ 2 چائے کا چمچہ،پانی ڈہائی پیالی،نمک ایک چائے کا چمچہ،تیل آدھی پیالی،پیاز(تلی ہوئی)،کشمش سجانے کے لیے۔

ترکیب: تیل گرم کرکے پیاز،سیاہ مرچیں،دارچینی،لونگ اور الائچی بھونیں۔پھر چاولوں اورچنے کے علاوہ باقی اجزاء ڈالیں۔ اس میں چنے اور پانی ڈال کر اُبال آنے تک پکائیں پھر چاول شامل کریں۔جب خشک ہوجائے تو دم پر رکھ دیں۔ مزیدار پلاؤ تیار ہے۔ پیاز اور کشمش سے سجا کر پیش کریں۔

…زردہ…

اجزاء: چند تاریں زعفران (کیسر)،دوکھانے کا چمچ دودھ ، 3کپ لمبے چاول (باسمتی)،4کھانے کے چمچ گھی ،دار چینی کا ٹکڑا (25 ملی میٹر یا 1 انچ)،2 عدد لونگ سات عدد الائچی،چند قطرے زردہ فوڈ کلر (کھانے والا زرد رنگ)،9کپ چینی، بادام، پستہ حسب منشا۔

ترکیب: ایک چھوٹے فرائی پین میں زعفران کی تاریں 10 سیکنڈ تک بھونیں۔دودھ شامل کر کے ایک جانب رکھ دیں۔چاول صاف کریں اور دھوئیں ،پانچ سے دس منٹ تک چاول بھگو دیںاورپانی پسا کر ایک جانب رکھ دیں،2کپ پانی ابلنے کے لیے رکھیں۔ایک پریشر ککر میں گھی گرم کریں،گھی میں الائچی،لونگ،دار چینی اور چاول شامل کریں۔دس منٹ تک بھونیں،زعفران مکسچر، زرد فوڈ کلر، چینی اور گرم پانی شامل کریں۔دوسیٹیوں تک پریشر ککر میں پکائیں۔ڈھکن کھولنے سے قبل بھاپ خارج کریں۔ایک کانٹے کے ساتھ چاولوں کا ہر ایک دانہ علیحدہ علیحدہ کریں۔میوہ جات کے ساتھ گارنش کریں۔گرما گرم ہی کھانے کے لیے پیش کریں۔

تازہ ترین