سابق وفاقی وزیر رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نہیں چھوڑی، چھوڑ کر جانے والے واپس آ جاتے ہیں۔
راولپنڈی میں فواد چوہدری اور شیریں مزاری انسدادِ دہشت گردی عدالت پہنچے۔
اس موقع پر فواد چوہدری نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تلخیاں کم ہوں، اللّٰہ آسانیاں پیدا کرے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آج ہم سارے 9 مئی کے کیسز کے سلسلے میں عدالت آئے ہیں، ہم مشکل صورتِ حال سے گزر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہماری کہانی ابھی آئی نہیں، کہانی ان کی آئی جو ٹی وی پر بات کر سکتے ہیں، ہماری باری آئے گی تو ہم اپنی کہانی سنائیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی ساکھ نہیں، فارم 47 پر کھڑی ہے، اس وقت مولانا اور صوبۂ خیبر پختون خوا ایک طرف کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے مولانا صاحب نے فیصلہ کر لیا کہ یہ حکومت ہٹے گی۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے یہ بھی کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور مولانا اکٹھے ہو گئے تو یہ حکومت 3، 4 ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی۔