بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے مختلف ناموں پر مشاورت جاری ہے، جلد ہی نام فائنل ہوجائے گا۔
گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور، عمر ایوب اور شبلی فراز کے علاوہ کسی کو بھی اسٹیبلشمنٹ سے بات کا اختیار نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کا اسلام آباد پر قبضے کا بیان درست ہے، مجھے پتا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ تصاویر بناکر بھی صوبے کا حق نہیں دیا جائے گا۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے شیر افضل مروت، بیرسٹر گوہر علی خان اور بیرسٹر علی ظفر سمیت دیگر ناموں پر غور کر رہے ہیں، مجھے مشاورت ہی نہیں کرنے دی جا رہی، آج مشاورت مکمل ہو جائے گی۔
ایک سوال پر کہ آپ کسی کو نامزد کرتے ہیں، پارٹی لیڈر شپ اس نام کو نہیں مانتی، پارٹی میں کیا چل رہا ہے؟ جواب میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے شیر افضل مروت کا نام دیا تھا لیکن ابھی اس معاملے پر مزید مشاورت کر رہے ہیں۔