کراچی کے علاقے سرجانی سیکٹر 10 میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت اشفاق کے نام سے ہوئی ہے جو کہ بس اڈے کا چوکیدار تھا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ورثاء کے مطابق ملزمان مقتول سے پستول اور رقم بھی لوٹ کر لے گئے۔
دوسری جانب بس اڈے پر کام کرنے والے مکینک اور واقعے کےعینی شاہد نعیم نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بس اڈے پر مکینک کا کام کرتا ہوں۔
نعیم نے بتایا کہ میں کمرے میں سو رہا تھا، ڈاکو اشفاق کو اسلحے کے زور پر اندر سے لائے، ملزمان نے پہلے سے ہی اشفاق پر تشدد کیا ہوا تھا۔
مکینک نعیم نے کہا کہ ڈاکو کمرے میں آئے تو مجھ پر بھی تشدد کیا، ملزمان نے اشفاق سے پستول اور نقد رقم چھینی، مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے اسے فائرنگ کر کے قتل کردیا اور فرار ہوتے وقت کنڈی لگا گئے تھے۔