• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوزی اور مان کیا آپ اپنی فنانشل سیکورٹی کی پرواہ کرتے ہیں؟

لیکن امریکی نشریاتی ادارے کی سابقہ میزبان سوز ی اورمان کے مطابق، ایک خاص سوال کے جواب سے پتہ چلتا ہے کہ آپ مالی طور پر مستحکم ہونے کے بارے میں کتنے سنجیدہ ہیں، یعنی آپ سے پوچھا جائے کہ ’’آپ اپنی موجودہ گاڑی کو کتنا عرصہ رکھنا چاہتے ہیں؟‘‘اگر آپ کا جواب ہو کہ ’’جب تک ممکن ہو‘‘تو آپ کو +A ملتا ہےاور اگر آپ یہ کہیں کہ’’ جلد بدل لوں گا‘‘ تو Fملے گا۔

اورمان نے اس سوال کی وضاحت کی کہ ’’کار ایک بےکار سرمایہ کاری ہےکیونکہ اس کی قیمت کم ہوتی رہتی ہے۔یہ ایک افادیت ہے جس کا استعمال طویل عرصے اس وقت تک کرتے رہناچاہئے جب تک وہ محفوظ اور قابل اعتماد رہے۔‘‘

دنیا بھر میں معروف مالیاتی مشیر اور بہت سی بیسٹ سیلنگ کتابوں کی مصنفہ سوزی اورمان ایک بلاگ میں لکھتی ہیں کہ مالیاتی ذمہ داریوں سے نبرد آزما ہونا کوئی آسان کام نہیں ہوتا ۔ یہ جاننا واقعی مشکل امر ہے کہ کہاں توجہ مرکوز کی جائے اور کن چیزوں کو ترجیحات میں شامل کیا جائے؟آپ اپنا بہترین کام اور انتظام چاہتے ہیں ، لیکن اکثر اوقات یہ بھی اندازہ لگانا مشکل ہو جاتاہے کہ وہ بہترین کام کیا ہے؟ پہلے قرض اتارے جائیں یا ہنگامی حالات کے لیے کیش رکھاجائے یا اس سے بھی ہٹ کر کوئی اور مقصد ہے جو پہلے نمبر پر آتاہے ، جیسے کہ ریٹائرمنٹ کے لیے پیسے بچا کر رکھنا؟

ٹھیک ہے یہ تمام چیزیں اہم ہیں لیکن ایک ہی وقت میں سب کرنا ، دانش مندی نہیں ہے۔تو سب سے پہلے وہ کام کریں جس سے آپ کی نیندیں حرام ہورہی ہوں، اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ سب چیزوں کو نظر انداز کردیں ،مثلاً جو قابل ادا بلز ہیں وہ تو آپ کو بھرنے ہی پڑیں گے،اسی طرح دیگر آنے والے اخراجات بھی لیکن ایک بار آپ نے ضروریات کا احاطہ کرلیا تو آپ کی اہم مالی پریشانیاں دور ہو جائیں گی اور آپ اپنے مقصد پر توجہ مرکوز رکھ سکیں گے۔ آپ کا مقصد کتناہی مشکل ہو مگراسے حاصل کرنے کے لیےہمت بلکل نہ ہاریں کیونکہ مقصد کا حصول راتوں رات نہیں ہوتا۔ ہوسکتاہے اس میں کئی ہفتے بھی لگ جائیں ، لیکن اس کا آغاز آپ کو معمولی کوششوں سے کرنا ہوگاجیساکہ آپ اپنی خرچ کرنے کی عادات میں تبدیلی لا سکتے ہیں ، مثلاََ کوئی بھی چیز خریدنے سے پہلے یہ سوچیں کہ یہ ضرورت ہے یا خواہش؟ یا اس سے آپ کے مقصد کے حصول کےلیے10 ڈالر بچیں گے یا 50 ڈالر؟یہ سوچ بچا ر آپ کو صحیح فیصلہ کرنے میں مدد دے گی۔

سوزی کریڈٹ کارڈ زکے استعمال کے بارے میں بھی صلاح دیتی ہیں کہ اگر آپ کے پاس کریڈٹ کارڈز ہیں اورآپ انھیں استعمال کرچکے ہیںاور کم سے کم ادائیگی کررہے ہیں تو شاید زندگی بھر ہی کرتے رہیں گے۔ اس کا حل یہ ہے کہ اگر کم سے کم ادائیگی کی رقم ایک ہزار روپے ہے تو آپ 2 ہزارروپے بھردیں، اس طرح آپ جلد یا بدیر اس درد ِ سر سے چھٹکار ہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

سرمایہ کاری کےگُر بتانے والی سوزی اورمان کا مختصر تعارف آپ سے کروائے دیتے ہیں۔

سوزی اورمان 5 جون 1951ء کو شکاگو میں پیدا ہوئیں، وہ ایک امریکی مصنفہ ، مالیاتی مشیر ،موٹیویشنل اسپیکر اور ٹی وی ہوسٹ ہیں۔ انہوں نے سوشل ورک میں ڈگری حاصل کی، پھر بینک آف امیریکا کے ویلتھ مینجمنٹ ڈویژن Merrill Lynch میں مالیاتی مشیر کے طور پر کام کیا ۔ 1983ء میں Prudential Bache Securities میں

نائب صد ر کی ذمہ داریاں سنبھالیں ۔ 1987ء میں اپنا ’سوزی اورمان فنانشل گروپ‘ قائم

کیا۔ 2002ء میں ان کا سوزی اورمان شوامریکی کے معروف نشریاتی ادارے پر آن ایئرہوا اور 2006ء میں انہوں نے اس پروگرام کی بدولت آئوٹ اسٹینڈنگ ہوسٹ کا Gracie Award اپنے نام کیا۔ ذاتی مالیات پر انہوں نے کئی کتابیں بھی لکھی ہیں۔

ان کے ابتدائی کیریئر کا ایک دلچسپ واقع ہے کہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سوزی برکلی ، کیلی فورنیا چلی گئیں ، جہاں انہوں نے ایک ویٹرس کے طور پر کام کیا۔ وہاں سے تجربہ حاصل کرنے کے بعد اپنے دوستوں سے 52ہزارڈالر ادھارلیے تاکہ وہ اپنا ریسٹورنٹ کھول سکیں۔ تاہم یہ پیسے انہوں نے Merrill Lynch میں ٹریڈنگ کرتے ہوئے ضائع کردیے۔ بعد میں اسی کمپنی میں انہوںنے اکائونٹ ایگزیکٹو کے طور پر تربیت حاصل کی اور یہیں سے سرمایہ کاری کےگُر سیکھنے شروع کیےاور اپنے پرانے نقصان کے ازالے کے لیےمقدمہ کیا اور جیت گئیں۔

اپنی فرم چلاتے ہوئے سوزی نے ایک کتابچہThe Facts on Single Premium Whole Life کے نام سے شائع کیا ،اور اسے مفت تقسیم کیا۔ 1997ء سے 1999 ءتک سوزی نے سرمایہ کاری ، مالیات اور فیصلہ سازی کے حوالے سے تین کتابیں اور لکھیں جو ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوئیں۔ ایک بار اوپرا ونفرے کے شو میں شرکت کرتے ہوئے سوزی نے اپنی کتاب Women and Money مفت میں پیش کی تو اس کی یہ کتاب تقریباََ 20 لاکھ لوگوںنے ڈائون لوڈ کرلی۔

سوزی ــــ"O, The Oprah Magazine"ــــ میں مالیاتی مشوروں کا کالم بھی لکھتی ہیں ، اور Yahooکے Money Mattersکی سابقہ مصنفہ بھی ہیں۔ اس کے علاوہ دوسرےکئی مؤقر رسالوں میں مالیاتی امور پر ان کی تحاریر شائع ہوتی رہی ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران سوزی نے انکشاف کیا کہ ان کی

خالص آمدنی 10 ملین ڈالر سے زائد ہے ۔ سوزی اورمان کے نام سے ان کی ویب سائٹ بھی موجود ہے جہاں آپ کو مالیاتی اور سرمایہ کاری سے متعلق سوالات کے جوابات بآسانی مل سکتے ہیں۔

تازہ ترین