برٹش ہائی کمیشن اسلام آباد نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی شہری اب برطانیہ کے وزٹ ویزا کے لیے نئے eVisa نظام سے فائدہ اٹھا سکیں گے، اس نئے نظام کے تحت پاسپورٹ پر ویزا اسٹیکر لگانے کے بجائے درخواست دہندگان کو ای میل کے ذریعے ڈیجیٹل تصدیق فراہم کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق درخواست کا طریقہ کار بدستور آن لائن ہوگا جبکہ بایومیٹرکس کے لیے ویزا ایپلیکیشن سینٹر جانا لازمی رہے گا، کامیاب امیدواروں کو اپنی امیگریشن حیثیت کا ڈیجیٹل ریکارڈ آن لائن اکاؤنٹ کے ذریعے دستیاب ہوگا، جس کے بعد انہیں پاسپورٹ واپس لینے کے لیے دوبارہ سینٹر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سیاحت، خاندانی ملاقاتوں اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے برطانیہ جانے والے پاکستانیوں کے لیے سہولت کا باعث بنے گا اور درخواست کے عمل کو مزید آسان بنائے گا۔
حکام کے مطابق ویزا پراسیسنگ کے دورانیے، اہلیت کے معیار یا شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، درخواست دہندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ویزا ایجنٹس سے گریز کریں اور صرف سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے درخواست جمع کروائیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس eVisa نظام کو طلبہ اور ورک ویزا رکھنے والوں کے لیے متعارف کرایا گیا تھا، جبکہ موجودہ اسٹیکر ویزے بدستور مؤثر رہیں گے۔