سکھر (بیورو رپورٹ،چوہدری محمد ارشاد) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کراچی کو صوبہ بنانے کی بات کرتی ہے، کیا ان میں اتنی جرأت ہے کہ وہ کراچی کو صوبہ بناسکیں، جب تک پیپلز پارٹی موجود ہے کسی کے باپ میں بھی طاقت نہیں کہ وہ کراچی کو صوبہ بنائے۔ پاکستان کی ریاست بہت مشکل حالات سے گزر رہی ہے، اس لئے ہماری کوشش ہے کہ الیکشن صاف و شفاف ہوں، اس میں کوئی مداخلت نہ ہو۔ وہ سکھر میں مختلف مقامات پر عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ سیاست میں بھی ادب و آداب ہوتے ہیں، آج جو لوگ ہمارے خلاف ایک جگہ جمع ہوئے ہیں ان کا کوئی اصول نہیں، کوئی میرٹ نہیں، وہ لوگوں کو بے وقوف سمجھتے ہیں، سندھ کے لوگ یہ بات سمجھیں کہ یہ لوگ اپنے ووٹ کی خاطر ایک دوسرے کو گلے لگارہے ہیں، یہ لوگ جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر آئے ہیں۔ ان سے پوچھا جائے کہ یہ 25 سے 30 سال تک کہاں تھے؟ عوام سے کیوں نہیں ملتے تھے، انہوں نے 2013کے الیکشن میں حصہ لیا، 2013سے لیکر 2018تک انہیں عوام سے رابطہ رکھنا چاہیے تھا، مگر یہ عوام کے پاس نہیں گئے کیونکہ یہ عوام کے نمائندے نہیں ہیں، یہ ضیاء اور مشرف کے دور میں بھی تھے اور مشرف کے دور میں دس سال تک حکومت کا حصہ رہنے والوں نے عوام کے مسائل کیوں حل نہیں کئے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے عوامی مسائل کے حل کے لئے اربوں روپے کے منصوبے شروع کرائے جن میں سے متعدد مکمل ہوچکے ہیں۔ دل کا بڑا اسپتال این آئی سی وی ڈی بن چکا ہے، جہاں لوگوں کا مفت علاج ہوتا ہے، ایس آئی یو ٹی کو اپ گریٹ کیا جارہا ہے، کینسر اسپتال بن رہا ہے، بائی پاس زیر تعمیر ہے، 60سے70کروڑ کی لاگت سے رنگ روڈ بن رہا ہے، اسپورٹس کمپلیکس، کینسر اسپتال زیر تعمیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے جس پر کام کیا جارہا ہے، شہر میں اس وقت جو پینے کے پانی کا جو مسئلہ موجود ہے وہ 50فیصد تک حل کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے جن کی تکمیل کے بعد شہری واضح تبدیلی محسوس کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے خلاف اتحاد بننا کوئی نئی بات نہیں ہے، ماضی میں بھی بڑے بڑے اتحاد بنے ہیں لیکن عوام نے انہیں مسترد کر کے پیپلزپارٹی کے امید وا ر و ں کو کامیاب کرایا، 2018کے انتخابات میں بھی عوام ایک بار پھر پیپلزپارٹی مخالف اتحاد اور امیدواروں کو مسترد کر کے پیپلزپارٹی کو بھاری مینڈیٹ سے کامیاب کرائیں گے۔ پیپلزپارٹی عوام کی طاقت سے نہ صرف سندھ بلکہ ملک بھر میں حکومت بنائے گی، پیپلزپارٹی کی حکمرانی عوامی کی حکمرانی ہوگی اور لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں گے۔