• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سراج رئیسانی کی نماز جنازہ کا وقت اور جگہ تبدیل

سراج رئیسانی کینماز جنازہ کا وقت اور جگہ تبدیل

مستونگ دھماکے میں شہید ہونے والے سراج رئیسانی کی نمازجنازہ کاوقت اورجگہ تبدیل کردی گئی ہے۔

سراج رئیسانی کے بھائی لشکری رئیسانی کا کہنا ہے کہ نوابزادہ سراج رئیسانی کے اہلخانہ اورایک بھائی بیرون ملک میں ہیںاور وہ آج شام کوئٹہ پہنچیں گے لہذٰاسراج رئیسانی کی نمازجنازہ ایوب اسٹیڈیم میں ساڑھے چار بجے شام کو ادا کی جائیگی جبکہ تدفین مستونگ کےعلاقے کانک میں کی جائے گی۔

اس سےقبل سراج رئیسانی کی نمازجنازہ 3بجےساراوان ہاوس میں اداکرنےکااعلان کیاگیاتھا۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے لشکری رئیسانی نے کہا کہ گزشتہ روز کےواقعے کےجواب دہ وہ ہیں جنہوں نے ملک کی پالیسیاں بنائیں۔انہوں نے سانحہ مستونگ کےحوالےسے ٹروتھ کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس واقعے پر سنجیدہ ہیں تو ٹرتھ کمیشن بنایا جائے جو روز اول سے ضیاء دور سے آج تک کےمعاملات کی تحقیقات کرے اور حقائق سامنے لائے تاکہ جو پاکستان کے لوگ بھگت رہے ہیں وہ سامنے آئے۔

نوابزادہ سراج رئیسانی کی رہائش گاہ ساراوان ہاؤس میں لوگوں کی بڑی تعداد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جہاں اسلم رئیسانی اور نوابزادہ لشکری رئیسانی سمیت دیگرعمائدین موجود ہیں۔

آئی جی ایف سی میجرجنرل ندیم انجم اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ بھی ساراوان ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے اسلم رئیسانی، لشکری رئیسانی سےسانحہ مستونگ پراظہار افسوس کیا۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز مستونگ میں انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی سمیت 128 افراد شہید ہوئے۔

تازہ ترین