• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیگی رہنمائوں اورکارکنوں نے اپنی حفاظت پرمامور پولیس افسروں کوتشدد کانشانہ بنایا،ڈی آئی جی آپریشن

لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ مستونگ دھماکے کے بعد لاہور کے تمام تھانوں کی حدود میں سرچ آپریشنز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور تمام ڈویژنل ایس پیزاپنے علاقہ میں ہونے والے سرچ آپریشنز کی خود نگرانی کریں گے ۔ مز ید برآںڈی آئی جی آپر یشن نے کہا کہ لیگی رہنمائوں اور کارکنان نے گذشتہ روز انسانیت کی ساری حدیں پار کر دیں۔ اپنی ہی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ سرکاری املاک کو قومی ذمہ داری سمجھ کر توڑ پھوڑ کرتے رہے ۔ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں لیگی کارکنان کی جانب سے توڑ پھوڑ ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے پر 12 مقدمات درج کئے گئے۔ایف آئی آرز میں دہشت گردی، کارسرکار میں مداخلت، دفعہ 144 کی خلاف ورزی ودیگر دفعات شامل کی گئی ہیں ۔تھانہ شمالی چھائونی جوڑے پُل پر زخمی افسران و اہلکاروں میں ڈی ایس پی قیصر مشتاق، کانسٹیبل یاسر، عارف ، جاوید اور طارق شامل ہیں۔ناکہ سگیاں پر پتھرائو سے زخمی افسران و اہلکاروں میں سب انسپکٹر عامر شہزاد، اللہ دتہ اور ہیڈ کانسٹیبل قمر شامل ہیں۔ راوی ٹول پلازہ پر پتھرائو سے زخمی ہونے والے افسران و اہلکاروں میں سب انسپکٹر مشتاق، اے ایس آئی سرفراز، کانسٹیبل صدام حسین، علی رضا، شہزاد عاشق، محمد بلال اور ذیشان شامل ہیں۔
تازہ ترین