• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شفاف الیکشن کے بغیرپارلیمنٹ متنازع ہوگی،بلاول بھٹو

شفاف الیکشن کے بغیرپارلیمنٹ متنازع ہوگی،بلاول بھٹو

مالاکنڈ، راولپنڈی ( نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ شفاف الیکشن کے بغیر پارلیمنٹ متنازع ہوگی، ن لیگی کا رکنوں کی گرفتاریاں ناقابل فہم ہیں ،چند سیاسی جماعتوں کو الیکشن لڑنے سے روکا جارہا ہے، اوچ شریف اور ملتان میں ہمارے جلسے منسوخ کر دیئے گئے، ہم کب تک یہ برداشت کریں گے؟معاملہ الیکشن کمیشن کے سامنے اٹھائیں گے، اداروں میں ٹکرائو نہیں ہونا چاہیے، سب اپنی حدود میں رہیں، عوام کے مسائل پارلیمنٹ میں حل کئے جائیں،متنازع الیکشن کا نتیجہ متنازع پارلیمنٹ کی شکل میں نکلے گا، انتخابات میں حصہ لینے کے لیے یکساں مواقع نہیں دیئے جارہے، پی پی کو بھی دیوار سے لگایا جا رہا ہے،کمزور پارلیمنٹ بنی تو عوام کے مسائل کے حل میں مشکلات ہوں گی،انتخابات کے لیے سازگار ماحول نہیں مل رہا، مخصوص جماعتوں کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔ مالاکنڈ کے علاقہ بٹ خیلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ جلسہ منسوخ ہونے کے باوجود مالا کنڈ آیا ہوں،یہاں گھر گھر پانی اور گیس پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے ، ہمیں بنیادی حقوق پر توجہ دینا ہو گی ، گیس اور پانی کے مسائل حل کرنا ہوں گے ،ذوالفقار علی بھٹو نے معاشی انصاف کی بنیاد رکھی تھی اور بینظیر بھٹو کی ساری سیاسی جدوجہد اسی انداز میں کی جبکہ آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ۔انہوں نے کہا کہ اگر اگلی حکومت 18ویں ترمیم پہ عملدرآمد نہیں کرتی تو پھر صوبہ کے عوام کے مسائل کو حل کرنا مشکل ہو گا ، پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات کے بعد حکومت بنا کر تمام صوبوں کو ان کے حقوق دلائے گی ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگرد چاہتے ہیں کہ خوف کی فضا قائم کر کے جمہوریت اور آزادی کو نقصان پہنچائیں مگر انشاء اللہ ان کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ اداروں میں ٹکرائو نہیں ہونا چاہیے، سب کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے، عوام کے سارے مسائل پارلیمنٹ میں حل ہونے چاہئیں، قانون کے مطابق نواز شریف کو گرفتار کیا گیا لیکن ن لیگ کے عام سیاسی رہنمائوں اور کارکنان کی گرفتاریاں ناقابل فہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی واحد جماعت ہے جو پارلیمان آ کر تمام مسائل کو حل کر سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب کمزور ،کٹھ پتلی اور آئی جے آئی کی طرح کی حکومت بنائی جاتی تو وہ عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتی ۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نشانہ بناتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آپ وزیراعظم بنتے ہیں تو صرف اپنی جماعت کے نہیں سب کے وزیراعظم ہوتے ہیں، سیاسی کارکنوں کو زندہ لاشیں اور گدھا کہنا عوام کو نشانہ بنانے کے مترادف ہے۔مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان دونوں جماعت کے ساتھ نظریاتی ایشوز ہیں۔

تازہ ترین