• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مچھلی کا تیل یا اومیگا تھری کیپسول کھانے سے دل پر مثبت اثرات مرتب نہیں ہوتے ، تحقیق

کراچی (نیوز ڈیسک) تحقیق کے دوران ماہرین پہلے ہی یہ ثابت کر چکے ہیں کہ مقبول ترین وٹامن سپلیمنٹ بشمول وٹامن سی اور کیلشیم کی گولیاں کھانے سے صحت کو کوئی بڑا فائدہ نہیں ہوتا اور اس کے شواہد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے لیکن بات یہیں ختم نہیں ہوتی۔ برطانیہ کی یونیورسٹی آف ایسٹ انجلیا کے ماہرین نے ثابت کیا ہے کہ اومیگا تھری وٹامن کے حصول کیلئے جو لوگ مچھلی کے تیل کے کیپسول استعمال کرتے ہیں انہیں کوئی خاص فائدہ حاصل نہیں ہوتا۔ دنیا کی کئی مقبول کمپنیاں مچھلی کے تیل یا اومیگا تھری آئل کو صحت کیلئے فائدہ مند قرار دے کر فروخت کرتی رہی ہیں۔ تحقیق کے دوران اس تیل کے حوالے سے 79؍ مختلف ٹرائل کیے گئے جس میں تقریباً ایک لاکھ 12؍ ہزار افراد نے رضاکارانہ طور پر شرکت کی۔ نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ اومیگا تھری سپلیمنٹ، جو مچھلی کے تیل سے حاصل کیا جاتا ہے، سے دل کی صحت پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ تحقیق میں شامل کچھ افراد سے کہا گیا کہ وہ اومیگا تھری کے استعمال میں بتدریج اضافہ کرتے جائیں، اس کے بعد ان کی صحت، بیماریوں کیخلاف ان کے مدافعتی نظام کی مضبوطی، دل کی دھڑکن اور خون کی گردش کا جائزہ لیا گیا۔ یونیورسٹی کے میڈیکل اسکول کے سرکردہ محقق لی ہوپر کا کہنا تھا کہ نتائج دیکھ کر ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ اومیگا تھری کی گولیاں یاکیسپول کھانے سے دل پر کوئی مثبت اثرات مرتب نہیں ہوتے، اور نہ ہی دل کی کسی بیماری کی صورت میں یہ کیپسول کھانے سے موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ گولیاں یا کیپسول کھانے سے اچھا ہے کہ آپ اپنی خوراک میں مچھلی کا استعمال بڑھا دیں۔
تازہ ترین