• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی حکومت نے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے، اسلام شیخ

سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اسلام الدین شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے، اربوں روپے کی لاگت سے سکھر شہر سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں جدید طرز کے اسپتال، یونیورسٹیاں، کالج اور دیگر تعلیمی ادارے، اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے، پینے کے پانی کے لئے میگا منصوبوں پر کام شروع کیا، آئندہ دو سال میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے، پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح سکھر کی عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہے، جس کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں اور آئندہ بھی ہماری کوششیں جاری رہیں گی، پیپلزپارٹی اس وقت بھی پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت ہے اور بلاول بھٹو کے سندھ ، پنجاب کے مختلف علاقوں کے دوروں کے بعد سیاسی فضا بھی تبدیل ہوگئی ہے، پیپلز پارٹی کا گراف پنجاب میں تیزی سے بلند ہورہا ہے، ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی سیاست کی ہے، جمہوریت کی سیاست کی ہے، مفاہمت کی سیاست کی ہے، آج اگر ملک میں جمہوریت مضبوط اور مستحکم ہوئی ہے تو اس کا سہرا پیپلزپارٹی کے سر جاتا ہے ، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے مفاہمت کی پالیسی کے تحت ملک میں جمہوریت نظام کو مضبوط کیا، پہلی مرتبہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے اپنی آئینی پانچ سالہ مدت پوری کی جس کے بعد مسلم لیگ ن کی حکومت نے بھی اپنی پانچ سال آئینی مدت پوری کی اور ملک میں جمہوری نظام مضبوط ہوا۔ وہ معروف تاجر، صنعتکار اور گولیمار انڈسٹریل ایریا ایسوسی ایشن کے صدر ملک محمد جاوید کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں خطاب کررہے تھے۔ قبل ازیں ملک محمد جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھر میں دل کے امراض کا اسپتال این آئی سی وی ڈی، اسپورٹس کمپلیکس، انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم، یونیورسٹیاں، کالج، ایس آئی یو ٹی اسپتال کی اپ گریڈیشن، سول اسپتال میں سٹی اسکین، ایم آر آئی سمیت صحت ، تعلیم اور کھیلوں کے شعبوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے اور متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے جس کے ثمرات عوام کو ملنا شروع ہوگئے ہیں آج سکھر میں این آئی سی وی ڈی میں دل کے معائنے سے لے کر دل کی سرجری تک مفت علاج کیا جارہا ہے، کھانا، ادویات مفت مل رہی ہیں، جو علاج لوگ 8سے10لاکھ روپے میں کراتے تھے وہ علاج مفت ہورہا ہے یہی وجہ ہے کہ نہ صرف سکھر سندھ بلکہ ملک کے دیگر علاقوں سے بھی لوگ یہاں آرہے ہیں جس کا سہرا پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ،سینیٹر اسلام الدین شیخ، سابق رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ کے سر جاتا ہے کہ جنہوں نے سکھر شہر سمیت ضلع میں بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کرائے۔سینیٹر اسلام الدین شیخ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ عوام کی دہلیز پر ان کے مسائل کو حل کیا جائے، سابقہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک مختلف بحرانوں کا شکار ہوا، ن لیگ کی حکومت نے 2013میں عوام سے یہ وعدہ کیا تھا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ دو ماہ ، چھ ماہ، دو سال میں ختم کردیں گے۔ لیکن پانچ سال مدت پوری کرنے کے بعد بھی بجلی کا بدترین بحران موجود ہے۔

تازہ ترین