• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ایئرپورٹ پر امیگریشن اہلکاروں کا مسافر پر تشدد



کراچی ایئرپورٹ کے بین الاقوامی آمد کے لاؤنج میں ایک مسافر سے دھینگا مشتی کے دوران امیگریشن اہلکاروں نے مسافر کو سرعام تشدد کا نشانہ بنایا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے منیر شیخ نے قانون ہاتھ میں لینے والے 5 امیگریشن افسران اور اہلکاروں کو معطل کر دیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے مطابق 25 جولائی کو پاکستان میں عام انتخابات شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل عمیر حمید نامی نوجوان غیرملکی ایئرلائن کی پرواز سے قطر سے کراچی پہنچا۔

امیگریشن حکام کے مطابق مسافر عمیر کو ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کیا گیا جس کے بعد پولیس نے مسافر کو پوچھ گچھ کے بعد اہل خانہ کے حوالے کردیا۔

حکام کے مطابق امیگریشن کاؤنٹر پر نوجوان مسافر نے امیگریشن حکام سے بدتمیزی شروع کر دی اور انہیں مبینہ طور برا بھلا کہا اور ہاتھاپائی شروع کی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس دوران امیگریشن حکام نے اسے اپنے مخصوص تربیتی انداز میں کنٹرول کرنے کی بجائے سرعام تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیااور امیگریشن کے 5 باوردی اہلکاروں نے اسے ڈنڈا ڈولی کیا اور لاتوں اور گھونوسوں سے سرعام تشدد کا نشانہ بنایا۔

اس نوجوان مسافر کو اہلکار تشدد کرتے ہوئے اپنے دفاتر میں لے گئے اور آخر میں ایک باوردی امیگریشن افسر نے ویڈیو بنانے والے مسافر سے بھی بدسلوکی کی جو ویڈیو میں ریکارڈ ہوگئی۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے منیر شیخ کے مطابق اس واقعہ کی تحقیقات کیلئے ایڈیشنل ڈائریکٹر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے منیر شیخ کے مطابق ابتدائی رپورٹ میں معلوم ہوا ہے کہ مسافر نشے میں دھت تھا اور امیگریشن حکام سے بدسلوکی کا مرتکب ہوا۔

ذرائع کے مطابق معطل کیے جانے والے اہلکاروں میں شفٹ انچارج انسپکٹر مزمل جتوئی، سب انسپکٹر ذاکر حسین، عطااللہ میمن، کاشف الدین اور حمزہ شامل ہیں۔

دوسری جانب ایس ایچ او ایئرپورٹ گلزار کے مطابق مسافر عمر حمید کا دماغی توازن ٹھیک نہیں تھا، اس لیے اس کے خلاف لڑائی جھگڑے یا تشدد کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا ۔

پولیس کے مطابق نوجوان کے خلاف نقص امن کے معاملہ تھا اس لیے اسے تھانے میں رکھا گیا تھا ۔اس کے اہل خانہ کے تھانے پہنچے اور شخصی ضمانت کے بعد اسے چھوڑ دیا ہے۔

لیاری کے رہائشی عمیر حمید کےاہل خانہ کے مطابق اس نے مبینہ طور پر قطر میں بھی ملازمت کے دوران لڑائی جھگڑا کیا جس کے بعد وہ پاکستان آیا تو ایئرپورٹ پر امیگریشن اہلکاروں سے الجھ گیا۔

تازہ ترین