مرتّبہ: ڈاکٹر شمع افروز
صفحات: 256، قیمت:(عام ایڈیشن300:روپے،خاص ایڈیشن: 500روپے)
ناشر:بزمِ تخلیق ادب پاکستان (بزمِ یوسفی، A-12، بلاک نمبر13 گلستانِ جوہر، کراچی)
ڈاکٹر عزیز احسن، حمد و نعت گوئی کے حوالے سے خاص پہچان رکھتے ہیں، لیکن ان کا ایک اِختصاص یہ بھی ہے کہ وہ اقبالیات پر خاصا وقیع کام کرچکے ہیں۔ وہ تصوّف کے موضوع سے بھی دِل چسپی رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر عزیز احسن نے علمی، ادبی شخصیات اور ان کے فکروفن کے مختلف پہلوئوں پر بھی متعدد مضامین و مقالات تحریر کیے ہیں۔ ان کی تحریریں ایک عرصے سے مختلف رسائل و جرائد میں شایع ہوتی رہی ہیں۔ جامعہ کراچی کے شعبۂ اُردو سے وابستہ، ڈاکٹر شمع افروز نے ان تحریروں کو یک جا کرکے ایک اہم ادبی خدمت انجام دی ہے۔
یہ مضامین جہاں ڈاکٹر عزیز احسن کے مطالعے کی رنگارنگی کو ظاہر کرتے ہیں، وہاں ان کی فکرو دانش بھی کُھل کر سامنے آتی ہے۔ کتاب کے آخر میں ڈاکٹر عزیز احسن کا مختصر سوانحی خاکہ اور کچھ منتخب اشعار بھی شامل ہیں، لیکن ان کی شخصیت کے حوالے سے ایک تفصیلی اور مبسوط مضمون بھی شاملِ اشاعت ہونا چاہیے تھا۔ کتاب کی طباعت و اشاعت مناسب ہے۔