مصنّف: پرویز احمد خان اوٹھی
صفحات: 144، قیمت: 400روپے
ناشر: حُسنِ قلم پبلی کیشنز، جمشید پلازا، مین فیروز پور روڈ، لاہور
ساغر صدیقی اُردو کے قادر الکلام شاعر تھے، لیکن اُن کی زندگی کا آخری دَور خود فراموشی اور مدہوشی کے عالم میں بسر ہوا، جس کی وجہ سے اکثر معاصرین نے انہیں نظرانداز کیا اور ان کے حالاتِ زندگی مفصّل طور پر سامنے نہ آسکے۔ پرویز احمد خان اوٹھی نے ان کے بارے میں لکھے گئے تمام تنقیدی اور سوانحی مواد کو سمیٹ کر یہ کتاب ترتیب دی ہے، جس کے مطالعے سے پتا چلتا ہے کہ ساغر صدیقی محض غزل گو شاعر ہی نہیں تھے، بلکہ انہوں نے نعتیں بھی کہیں، قومی ترانے بھی لکھے اور پنجابی کلام بھی کہا۔ اُردو میں تو ان کے بعض اشعار ضرب المثل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ساغر صدیقی کی شخصیت کے حوالے سے یہ ایک بہترین کاوش ہے، جس سے ان کی زندگی کے تمام پہلو سامنے آجاتے ہیں۔ کتاب کی طباعت و اشاعت بھی معیاری ہے۔