مصنّف:جبار مرزا
صفحات: 272، قیمت: 1000روپے
ناشر:شہریار پبلی کیشنز، پوسٹ بکس نمبر1692، جی پی او اسلام آباد
پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خالق، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے بارے میں متعدد کتابیں لکھی گئی ہیں، لیکن زیرِتبصرہ کتاب ان سب پر فوقیت لے گئی ہے۔ طباعت و اشاعت کے اعلیٰ معیار پر پوری اُترنے والی اس کتاب میں جبار مرزا نے بڑی بے باکی سے نہ صرف محسن پاکستان، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ساتھ روا رکھنے والے سلوک کو بیان کیا ہے، بلکہ ایٹم بم کی تیاری میں پیش آنے والے نشیب و فراز کی کہانی بھی بیان کر دی ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے جبار مرزا کا تعلق چونتیس برسوں پر محیط ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر صاحب کے بارے میں انہوں نے جتنا لکھا ہے، کوئی دوسرا نہیں لکھ سکا۔ ’’نشانِ امتیاز‘‘ سات ابواب پر مشتمل ہے، جس میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مُلکی اور غیرمُلکی ذرائع ابلاغ کو دیئے جانے والے کچھ اہم انٹرویوز بھی شامل ہیں۔ یہ ایک اہم تحقیقی، معلوماتی، تاریخی اور حوالہ جاتی کتاب شمار کی جا سکتی ہے۔ کتاب میں جا بہ جا رنگین تصاویر کتاب کے صوری حُسن میں اضافے کا باعث بنی ہیں۔