کراچی (اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ ریجن، اسلام آباد، اے جے کے، فیصل آباد، لاہور، کراچی بلیوز نے انٹر ریجن انڈر 19ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلکس کراچی میں کراچی ریجن بلیوز نے سیالکوٹ کو 161 کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ کراچی نے مقررہ پچاس اوورز میں 228 رنز بنائےجس میں عبید اللہ کے 64 اور غازی ناصر کے 58 رنز شامل تھے۔ جواب میں سیالکوٹ ریجن کی ٹیم 67 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سیف علی نے چار، نادر شاہ اور غازی ناصر نے تین تین وکٹ حاصل کئے۔ ادھر ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈاسلام آباد میں فیصل آباد نے کراچی وائٹس کو 6 وکٹ سے شکست دی پہلے کھیلتے ہوئے کراچی نے 47.5 اوورزمیں 155 رنز بنائے جواب میں فیصل آباد کی ٹیم نے 27 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کیا۔دیگر میچز میں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کوئٹہ نے راولپنڈی کو 5 وکٹ سے ہرایا۔ راولپنڈی نے پہلے کھیلتے ہوئے 39 اوورز میں 153 رنز بنائے جوب میں کوئٹہ نے مطلوبہ ہدف 48.1 اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کے آر ایل اسٹیڈیم میں اسلام آباد نے ڈیرہ مراد جمالی کو 2 وکٹ سے ہرایا۔ ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 47.1اوورز میں 164 رنز بنائے۔ اسلام آباد نے مطلوبہ ہدف 45.1 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ مرغزار گرائونڈ پر کھیلے گئے میچ میں آزاد کشمیر کی ٹیم نے لاہور کو 3 وکٹ سے ہرایا۔ لاہور کی ٹیم نے 50 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 213 رنز بنائے۔ آزاد کشمیر کی ٹیم نے 47.2 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔