گوادر......گوادر ہوشاب شاہراہ پر نواز شریف اور جنرل راحیل شریف نے ایک گاڑی میں سفر کیا، وزیراعظم فرنٹ سیٹ پر بیٹھے جبکہ ان کے برابر میں آرمی چیف ڈرائیونگ سیٹ پر براجمان ہوئے۔
وزیر اعظم نے آرمی چیف کے ہمراہ جیپ میں ہوشاب، تربت، گوادر شاہراہ کا جائزہ لیا،وزیر اعظم نے تختی کی ڈوری بھی اکیلے نہیں کھینچی، آرمی چیف کو بلایا، وزیراعلیٰ بلوچستان کو ساتھ ملایا، بلوچستان کی ترقی میں خاص دلچسپی لینے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا حکومت کی مدد کیلئے جنرل راحیل نے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے،ایک وقت تھا،جب یہ منصوبے صرف کاغذوں پر تھے،لیکن آج بلوچستان میں برابری کی سطح پر ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے آج 193 کلو میٹر طویل گوادر ہوشاب موٹروے ایم ایٹ کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ قوم کی تعمیر کھیل تماشا نہیں، حقیقی انقلاب لائیں گے، وزیراعظم نے منصوبے میں مدد کیلئے آرمی چیف کی خصوصی دلچسپی پر ان کی تعریف کی اور کہا کہ ذاتی دلچسپی لینے پر آرمی چیف کے شکرگزار ہیں۔
تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ قوم کی تعمیر کوئی کھیل تماشا نہیں، ٹھوس کام کےلیے نعروں کی نہیں، ثابت قدمی اور حکمت عملی کی ضرورت ہوتی ہے،سیکیورٹی کی خراب صورتحال کے باوجود شاہراہ کی تعمیر جاری رہی۔
وزیر اعظم نے 2018 ءتک ملک میں بجلی کی کمی ختم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاری منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان بجلی کی پیداوار میں خود کفیل ہوجائے گا۔193کلومیٹر طویل ہوشاب، تربت، گوادر موٹروے ایم ایٹ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ ہے، جسے 13ارب روپے کی لاگت سے 18ماہ کی قلیل مدت میں تیار کیا گیا ہے۔