• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب آپ کے پاس سرمایہ ہوتا ہے اور آپ کوئی روبار شروع کرنے کا ارادہ کرتے ہیں تو اس کے لیے تین آپشن ہیں،آپ کاروبار کو بالکل نئے سرے سے شروع کریں یا پہلے سے چلنے والے کسی کاروبار کو خریدیں یا پھر کسی کمپنی کی فرنچائز حاصل کرکے کاروباری مواقع سے فائد ہ اٹھا سکتے ہیں۔ فرنچائز خریدنا اور چلانا بھی دوسرے کاروباروں کی طرح ہی ہوتاہے، جو کہ کافی منافع بخش بھی ثابت ہو سکتاہے۔

ہزاروں کی تعداد میں موجود فرنچائزز نہ صرف مشہور قومی اور بین الاقوامی برانڈز کے کاروبار کووسعت دے رہی ہیں بلکہ اپنے لیے بھی آمدنی کا ذریعہ بن رہی ہیں۔ مشکل مرحلہ یہ ہے کہ ایک ایسے کاروبار کا فیصلہ کیا جائے جس میں آپ کی دلچسپی بھی ہو اور جو اچھی سرمایہ کاری بھی ثابت ہو۔ فرنچائزنگ کے بہت سے ماہرین یہ تجویزکرتے ہیں کہ آپ اپنے لیے موزوں فرنچائز خریدنے سے پہلے مختلف فرنچائزز دیکھ کر موازنہ کریں۔

جب آپ ایک فرنچائز خریدتے ہیں تو آپ کو کسی مخصوص ٹریڈ مارک یا کاروباری تصور کو استعمال کرنے کا حق مل جاتا ہے۔ جوکاروبار آپ چلائیں گے وہ بالکل ایسا ہی ہوگا جیسے اسی طرح کے نام کا دوسرا کاروبار ہے۔ ایسا کرنے کے لیے آپ کو فرنچائزر (وہ کمپنی جوکہ کاروبار کو چلانے کا حق رکھتی ہے) سے چیزیں خریدنے کی ضرورت ہوگی، جیساکہ پروڈکٹس، آلات، اشتہارات میں مدد اور تربیت وغیرہ۔

فرنچائزنگ کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ آپ فرنچائز فراہم کرنےوالوں کی طرف سے مہیا کردہ کاروباراورتجارتی نام کی وجہ سے بآسانی پیسہ کماسکتے ہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ فرنچائزنگ لوگوں کو کاروبار چلانے کے قابل بناتی ہے نہ کہ کاروبار شروع کرنے کے۔

فرنچائز کے فوائد

ہو سکتاہے اپنا ذاتی کاروبار شروع کرنےمیں آپ کا سار اپیسہ ڈوب جائے تاہم فرنچائزنگ کے فوائد موجود ہیں اور کچھ حد تک یقینی بھی ہوتے ہیں جس کے باعث آپ کے پیسے ڈوبنے کے امکانات بہت کم ہوتے ہیں۔

کم خطرات

نئے کاروبار کی نسبت فرنچائز کے ناکام ہونے کے امکانات بہت کم ہوتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ ایسا کاروباری تصور خرید رہے ہیں جس میں زیادہ تر مسئلے پہلے سے ہی کسی اور نے حل کر دیے ہیں۔آپ ایک مکمل پیکج حاصل کرتے ہیں۔ ایک نیا کاروبار شروع کرتے وقت اندازے سے جو کام کیے جاتے ہیں، فرنچائز کی صورت میں آپ اس سے بچ جاتے ہیں۔ آپ کے سارے پیکج میں ٹریڈ مارکس، پہلے سے قائم شدہ چیز تک آسان رسائی، مارکیٹنگ کا ثابت شدہ طریقہ، سامان اور انوینٹری وغیرہ شامل ہوسکتے ہیں۔

کاروبار کا طریقہ کار

بہت سے فرنچائزر اپنی فرنچائزز کو مختلف ثابت شدہ سسٹم مہیا کرتی ہیں جس میں مالیاتی اور اکائونٹنگ سسٹم، مسلسل تربیت اور مدد، تحقیق و ترقی، سیلز اور مارکیٹنگ میں مدد، منصوبہ بندی اور مستقبل کے بارے میں پیشگوئیاں، مال کا انتظام و انصرام وغیرہ شامل ہیں۔ وہ آپ کوایسےطریقے بتائیں گے جن سے ان کا کاروبار کامیاب ہوا ہے اور وہ آپ کے کاروبار میں ان طریقوں کے استعمال میں آپ کی مدد کریں گے۔

برانڈ کی طاقت

جب آپ ایک فرنچائز کے مالک ہیں ہوتے ہیں تو آپ کی قوت خرید فرنچائز کے سارے نیٹ ورک کی قوت خرید ہوتی ہے، جوکہ چیزیں سستی حاصل کرنے اور بڑے قومی سطح کےا سٹوروں کے ساتھ مقابلہ کرنے میں آپ کی مدد کر سکتی ہے۔

اشتہارات اور پروموشن

آپ نہ صرف فرنچائزر کے قومی یا علاقائی اشتہارات اور پروموشنل کیمپینزسے فائدہ اٹھائیں گے بلکہ اسٹور کے اندر موجود اشتہاراتی مواد بھی آپ کو فراہم کیا جائے گا۔ اگر آپ یہ سارا مواد خود بنواتے ہیں تو اس پر کافی زیادہ لاگت آئے گی ۔

مالیاتی معاونت

چند ایک کمپنیاں ابتدائی فرنچائز کے لیے آپ کی مالی مدد کرتی ہیں تا کہ آپ کم سے کم سرمائے کے ساتھ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔ وہ کاروبار کے لیے جگہ چننے میں بھی آپ کی مدد کر سکتی ہیں تا کہ آپ کا کاروبار ایک ایسی جگہ پر ہو جہاں پر یہ پھل پھول سکے۔

فرنچائزنگ کےقوانین

آپ کو کسی بھی معاہدے میں شامل ہونے سے پہلے اپنے وکیل، اکاؤنٹنٹ یا پھر کسی دوسرے مشیر کو تعارفی دستاویزات اور مجوزہ معاہدے دکھانا چاہیے۔ تعارفی دستاویزات جو آپ کو فرنچائزر کی طرف سے مہیا کی جاتی ہیں، ان سے آپ کو کمپنی کے معاملات کا اندازہ ہو سکتا ہے۔ یہ ضروری ہے کہ آپ اس کو مکمل طور پر دیکھیں (بہتر ہے کہ وکیل، اکاؤنٹنٹ یا کاروباری مشیرکی مدد کے ساتھ) تاکہ آپ فرنچائزر سے متعلق سب کچھ جان لیں۔

مزید اقدامات

فرنچائزر کے ذاتی اور کاروباری ناموں ، اس کے ادارے ، اس کے پس منظر اور اس کی معاشی تاریخ سے متعلق سب کچھ جانیں۔ آپ کو یہ بھی دیکھنے کی ضرورت ہوگی کہ کیا یہ کامیابی آپ کے علاقے میں بھی حاصل کی جا سکتی ہے یا نہیں؟ تعارفی دستاویزات میں اپنی فرنچائز شروع کرنے اور اس کو چلانے کے لیے مطلوبہ فیسوں کی مکمل فہرست درج ہونی چاہیے۔ یہ آپ کو دوسری ذمہ داریوںمثلاً وہ مال یا سامان جو آپ فرنچائزر سے خریدیں گے، اس کے بارے میں بھی بتائے گا۔ آپ کو یہ بھی جاننا چاہیے کہ آیا فرنچائزر، آپ کے علاقے میں دوسرےآؤٹ لیٹ بھی کھولے گا یا نہیں؟ آپ کو سیلز کی کچھ شرائط پوری کرنا پڑیں گی، ہو سکتا ہے آپ فرنچائزر کی منظور شدہ کچھ چیزوں کو بیچ سکیں اور ان کو بیچنے کے طریقے بھی محدود ہوں۔ 

مثال کے طور پر آپ کو اس کی اجازت دی جائے کہ آپ اپنے اسٹور پر آنے والے لوگوں کو ڈیل کر سکتے ہیں لیکن یہ بھی ہوسکتا ہے کہ اسٹور یااپنے علاقے سے باہر پروڈکٹ نہ بیچ سکیں۔ یہ دیکھیں کہ آپ کو فرنچائز کھولنے سے پہلے اور اس کے بعد کیا کیا سروسز مہیا کی جائیں گی۔ آپ کو یہ بھی جاننا چاہیے کہ فرنچائزکے لیے کس طرح کی تربیت ضروری ہے۔ کسی فرنچائز کا جائزہ لیتے وقت منافع، کامیابی کا ایک مکمل ریکارڈ،مضبوط یو ایس پی، کامیاب انتظامات، کاروباری تاثر،یک جہتی اور لگاؤ کو اچھی طرح پرکھ لینا ضروری ہوتا ہے۔ 

تازہ ترین