ویسے تو دنیا میں آسمان کو چھوتی، حجم میں بڑی، خوبصورت اور سہولیات کی حامل کئی شاندار عمارتیں موجود ہیں۔لیکن کسی بھی عمارت کی تعریف صرف اس کی اونچائی یا لمبائی دیکھ کر نہیں کی جاسکتی بلکہ اس کی بناوٹی خوبصورتی اورپُرکشش منظر دیکھ کر بھی کی جاتی ہے ۔ ہم بھی آج دیدہ زیب آرکیٹیکچر پر مبنی دنیا کی چند مشہور عمارات پیش کررہے ہیں، جن کے بارے میں جان کر آپ یقیناً محظوظ ہوں گے۔
بیجنگ نیشنل اسٹیڈیم،چین
ماہرینِ تعمیرات آئی ویوی،پیری ڈی میرون،جیکوئس ہرزوگ اور لی ژنگ گینگ کےڈیزائن کردہ اس آرکیٹیکچر میں ’’خلا‘‘ کے موضوع کا استعمال کیا گیا ہے،جو اس کی نوعیت پر پورا اترتا ہے۔
اس کا مختصر نام’’پرندے کا گھونسلہ‘‘ ہے جو اسے فطرت کا عکاس بناتا ہے۔عمارت کے ڈھانچے کے لحاظ سے بیجنگ نیشنل ایکواٹکس سینٹر اپنی انفرادیت کا الگ سماں باندھتا ہے لیکن یہ چیز دیکھنے والوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی خالی جگہ اور سب سے بڑا اسٹیل اسٹرکچر یہی ’’پرندے کا گھونسلہ‘‘ ہے ۔
اسٹیو جابس تھیٹر، کیلیفورنیا
ماہر تعمیر نارمن فوسٹر کا یہ ڈیزائن کردہ تھیٹر ایک ساتھ اندر اور باہر سے گھومنے کی زندہ مثال ہے،جسے ایپل کے بانی اسٹیو جابس کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
منفرد155فٹ میٹالک کاربن فائبر کے ساتھ شیشے کی بنی اڑن طشتری دنیا کے لیے علامت کے اظہار کے طور پر بنائی گئی ہے کہ ایپل کو اب بھی ستاروں کو چھونا ہے۔اسٹیو جابس تھیٹر کاسب سے حیران کن عنصر کھلا ٹاپ فلور ہے۔ اس میں کوئی فریم،پائپ اور تار نظر نہیں آتے، انہیں ہر ایک گلاس یا اسپیکرز پینل کے اندر چھپایا گیا ہے تاکہ اس کی سادگی اور خوبصورتی پر کوئی آنچ نہ آئے۔
گُگِن ہیم میوزیم،اسپین
ماہر تعمیرفرینک گیری کے شاندار ڈیزائن پرمبنی کام کے بغیر یہ فہرست کبھی مکمل نہ ہوتی۔گُگِن ہیم میوزیم یہ دکھاتا ہے کہ آرکیٹیکچر کی نسلِ نو کیسے ہوسکتی ہے اور کیسے ڈی کنسٹرکشنل آرکیٹیکچر کو اندرونی ماحول کے ساتھ ہم آہنگ کیا جاسکتا ہے، جس میں خاص طور پر روشنی کا انتظام اس میوزیم کو سحر انگیر بنا دیتا ہے۔ اس عمارت کی کشادگی اور نظارے آپ کو بور نہیں ہونے دیں گے۔ مجسمے جیسا اسٹرکچر اطراف کے علاقے سےمماثلت رکھے ہوئے ہے۔
گیلری آف دی مینل کلیکشن، ٹیکساس
ماہر تعمیر رینزو پیانو کی ڈیزائن کردہ اس گیلری میں پیانو نے فطری روشنی کے گزر کا خاص اہتمام کیا ہے، جس کے لیے دبیز فیرو سیمنٹ کا استعمال کیا گیا ہے۔
بیرونی دیواروں کو سائپرس کی لکڑی سے بنایا گیا ہے، جو اطراف میں واقع مکانوں میں بھی استعمال کی گئی ہے تاکہ عمارت اسی منظر کا حصہ لگے۔ رینزو کا آئی بی ایم پویلین بھی قابلِ دید ہے، جو ماڈیولر کنسٹرکشن کی بہترین مثال ہے۔
ریور سائیڈ میوزیم، اسکاٹ لینڈ
زارا حدید کا ڈیزائن کردہ ریور سائیڈ میوزیم بہتے پانی کے اسٹائل کی سب سے جدید ترین مثال ہے، جوآپ کے احساسات کو چھولیتا ہے۔ اس عمارت میں ماحول کے مطابق ڈھلنے کی خاصیت بھی ہے، جو اسے کھلی جگہ مہیا کرتی ہے۔
اس کی منفرد زگ زیگ چھت اور سرنگ جیسی تشکیل اسے فطرت کے قریب لے جاتی ہے۔ کلائیڈ ندی کےشمالی کنارے پر واقع ہونے کے باعث اس میوزیم کو ریور سائیڈ کا نام دیا گیا ہے، جہاں 3000فن پارے آویزاں ہیں۔
پومپی ڈاؤ سینٹر، فرانس
ماہرِ تعمیررینزو پیانو کاڈیزائن کرد ہ پومپی ڈاؤ سینٹر مستقبل کے ساتھ ہم آہنگی کی حقیقی مثال ہے۔اس کا اپناہی منفرد اسٹائل ہے،جس سےشناسا ہونے کے لیے آپ کو وقت لگے گا، 7500مربع رقبے پر پھیلی ہر ایک منزل لوڈ بیئرنگ اسٹرکچرز کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے،جنہیں نمائشوں یا دیگر سرگرمیوں کے لیے الگ کرکے ضرورت کے مطابق دوبارہ بھی جوڑا جاسکتا ہے، بالکل ایسے جیسے فلموں کی شوٹنگز کے دوران سیٹ بنائے اور بگاڑے جاتے ہیں۔