• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید الاضحیٰ کے موقع پر گوشت کے پکوان دسترخوان کی شان ہوتے ہیں۔گوشت کے پکوانوں کی خوشبو ہر گھر سے آرہی ہوتی ہے۔عید قرباں پر چٹ پٹے پکوانوں پر ہر کسی کا دل للچاتا ہے،کوئی مٹن کڑاہی تو کوئی بیف کباب اور کسی کو تکہ بوٹی کھا کرمزا آتا ہے۔گھر میں قربانی ہو اور نئے نئے پکوان نہ بنیں یہ بھلا کیسے ممکن ہے؟ خواتین اپنے اہل خانہ کے لیے اور دعوتوں میں نت نئی ڈشز تیار کرنے کی فکر میں رہتی ہیں،اُن کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ نئی نئی ڈشز کا اہتمام کریں جو نہ صرف کھانے میںبلکہ دیکھنے میں بھی خوب صورت لگے، تاکہ کھانے والے اس کی تعریف ضرور کریں۔ اس لیے ہم لائے ہیں،عید الاضحیٰ پر آسان اورلذیذ کھانوں کی تراکیب ،اہل خانہ اور مہمان آپ کے پکائے پکوان کی تعریف ضرور کریں گے۔

سادہ مٹن ہانڈی

اجزاء :

مٹن آدھا کلو،پیاز باریک کٹی ہوئی دوعدد،سرخ مرچ پسی یا کُٹی ہوئی ایک چائے کا چمچ ، ادرک ،لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ ،سیاہ مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ،ہلدی آدھا چائے کا چمچ،پسا ہوا گر م مسالہ آدھا چائے کا چمچ،نمک آدھا چائے کا چمچ یا حسبِِ ضرورت،تیل پانچ کھانے کے چمچے،دہی چارکھانے کے چمچے،ہرا دھنیا اور ہری مرچ باریک کٹی ہوئی تھوڑی سی۔

ترکیب ۔

مٹی کی ہانڈی میں تیل ڈال کر گرم کریں اور اس میں پیاز سنہری مائل تل کر گوشت ، نمک اور ہلدی ڈال کر بھونیں ،جب گوشت کا پانی خشک ہو جائے تو ایک گلاس پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر گلنے دیں ، جب تھوڑا سا پانی رہ جائے تو اُس میں دہی اور سارے مسالے ڈال کر اچھی طرح بھونیں کہ تیل اوپر آجائے۔ اب باریک کٹا ہوا ہرا دھنیا اور ہری مرچ ڈال کردو منٹ کے لیے دم پر رکھ کر اُتار لیں ۔

الہٰ آبادی چانپ

اجزا:

بکرے کے چانپیں آدھا کلو،تیل (تلنے کے لیے) حسب ضرورت،ادرک لہسن پسا ہوادو کھانے کے چمچے، جائفل جاوتری پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ،نمک حسب ذائقہ،پسی ہوئی کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ،

پسی ہوئی دار چینی آدھا چائے کا چمچ،پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچ،ہلدی آدھا چائے کا چمچ، دہی آدھا پاؤ،پسا ہوا زیرہ ایک چائے کا چمچ،میدہ آدھی پیالی،انڈے دو عدد پھینٹے ہوئے،تل دو سے تین کھانے کے چمچے،لیموںایک عدد،پیازایک عدد۔

ترکیب:

پہلے چانپوں کو تھوڑا سا اسٹیک ہیمر سے پریس کر لیں۔ کڑاہی میں دو سے تین کھانے کے چمچے تیل گرم کرکے ادرک لہسن کا آمیزہ اور چانپیں شامل کر کے دو سے تین منٹ تک بھونیں، پھر اس میں پسی جائفل جاوتری، نمک، کالی مرچ، دار چینی، لال مرچ، ہلدی، دہی اور زیرہ شامل کرکے ملا لیں۔ ایک پیالی پانی ڈال کر ڈھانک دیں اور بیس سے پچیس منٹ تک پکنے دیں۔ جب چانپیں گل جائیں اور پانی خشک ہوجائے تو انہیں نکال کر پہلے میدے میں پھر پھینٹے ہوئے انڈوںمیںلپیٹ کر اوپر سے تل چھڑک کر گرم تیل میں تل لیں۔ تیار ہونے پر لیموں اور پیاز کے لچھوں اور ٹماٹو کیچپ کے ساتھ پیش کریں۔

شاہی گوشت

اجزا:

بکرے کا گوشت ایک کلو،دہی آدھا پاؤ،بادام بیس گرام،تازہ کریم سو گرام،پسا ہوا گرم مسالہ ایک کھانے کا چمچ،پسی ہوئی ہلدی ایک کھانے کا چمچ،پسی ہوئی جائفل جاوتری آدھا چائے کا چمچ،پسی ہوئی لال مرچ دو کھانے کے چمچے،پسا ہوا لہسن ادرک دو کھانے کے چمچے،ہرا دھنیا ایک چوتھائی گٹھی باریک کاٹ لیں،نمک حسبِ ذائقہ،تیل ایک چوتھائی پیالی، ادرک باریک کٹی ہوئی اور ہرا دھنیا (سجاوٹ کے لیے)

ترکیب:

ایک دیگچی میں تیل گرم کر کے لہسن ادرک سنہرا تل لیں اور گوشت ڈال کرکچھ دیر تک پکائیں۔ ہرا دھنیا، پودینہ، گرم مسالہ، ہلدی، جائفل جاوتری، لال مرچ، نمک دہی اور ایک پیالی پانی ڈال کر ڈھکن ڈھانک کر پکنے دیں۔ بادام اور پستے اُبال کر چھلکا اْتار کر کاٹ لیں۔ جب گوشت گل جائے تو اسے بھون لیں۔ ساتھ میں کریم، بادام اور پستے شامل کر کے پانی خشک ہونے تک بھونیں اور ڈش میں نکال کر بکرے کا مزے دار شاہی گوشت ہرے دھنیے اور ادرک سے سجاکر پیش کریں۔

بمبئی بریانی

گوشت ایک کلو،باسمتی چاول ایک کلو،بڑے آلو چار عدد،لیموں چار عدد،لونگ چار عدد،باریک کٹی پیاز چار عدد،ہری مرچ چھ عدد،چھوٹی الائچی چھ عدد،ثابت کالی مرچ چھ عدد، ٹماٹر چھ عدد،سوکھے آلو بخارے ایک پیالی،گرم دودھ ایک پیالی،گھی یا تیل ایک پیالی،دہی ایک پیالی،باریک کٹا پودینہ ایک گٹھی،کالا زیرہ ایک چائے کا چمچ،پسی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ،زردے کا رنگ ایک چوتھائی چمچ،پسا دھنیا دو کھانے کے چمچے،ادرک، لہسن پسا ہوا ڈیڑھ کھانے کا چمچ،نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب:

گوشت کو اچھی طرح دھو کر دہی،ادرک لہسن ،لال مرچ ،ہرا دھنیا ، لیموں کا رس،باریک کٹا پودینہ ،ہری مرچ،ایک پیالی سوکھے آلو بخارے اور حسب ذائقہ نمک ڈال کر آدھے گھنٹے کے لیےرکھ دیں۔

ایک دیگچی میں ایک پیالی تیل گرم کرکےپیازسنہری تل کر آدھی نکال کر اخبار پر پھیلا دیں، باقی آدھی پیاز میں مسالہ لگا ہوا گوشت اور ٹماٹر ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں جب پانی خشک ہوجائے تو اسے بھون کر اتار لیں پانی بالکل نہ ڈالیں، چار عدد آلو کو ہلکی سی بھاپ دے کر چار چار ٹکڑے کرکے فرائی کریں اور تلے آلوگوشت میںڈال دیں۔

چاولوں میں پودینہ ہری مرچ، چھوٹی الائچی ، کالی مرچ،حسب ذائقہ نمک اور لونگ ڈال کر الگ سے دو کنی ابال کر پانی نتھار لیں۔اس کے بعددیگچی میں ذرا سا تیل یا گھی لگا کر آدھے چاولوں کی تہہ لگائیں پھر گوشت کی تہہ لگادیں پھر باقی چاولوں کی تہہ لگا کرتلی ہوئی پیاز ڈالیں ساتھ ہی ایک پیالی گرم دودھ میں ایک چوتھائی چائے کا چمچ زردے کا رنگ ملا کر اس کے اوپر چھڑک دیں،اس کے بعد دو عدد لیموں کا رس ڈال کر تیزآنچ پر توے پر دم دیں، دس منٹ کے بعد آنچ ہلکی کردیں بھاپ اوپر آجائے توبریانی تیار ہے۔

قندھاری ران روسٹ

اجزاء:

بکرے کی ران ایک کلو، کچری پاؤڈرتین کھانے کے چمچے، انار کا سرکہ دوکھانے کے چمچے، لہسن ادرک کا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، جائفل جاوتری پسی ہوئی ایک چوتھائی چائے کا چمچ، کالی مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ، چلی پیسٹ کھانے کے دوچمچے، نمک حسبِ ذائقہ، تیل تلنے کےلئے۔

ترکیب:

پیالے میں انار کا سرکہ‘ کچری پاؤڈر‘ نمک‘ لہسن ادرک پاؤڈر‘ جائفل جاوتری‘ کالی مرچ اور چلی پیسٹ ڈال کر مکس کریں، ران کو اچھی طرح دھو کر کٹ لگادیں۔ ران پرمسالے کا آمیزہ لگا کر پانچ چھ گھنٹے کے لیے رکھ دیںپھر ایک بڑی دیگچی یا کڑاہی میں تیل گرم کر کے ران ڈال کر فرائی کریں ۔ آنچ درمیانی رکھیں، ایک طرف سے سنہری ہوجائے تو پلٹ کر دوسری سائیڈ سے فرائی کرلیں۔ سرونگ پلیٹ میں نکال کر لیموں اور حسب پسند چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

بیف مدراس

اجزاء:

گوشت ایک کلو ،دار چینی ایک عدد،چھوٹی الائچی دو عدد،پیاز ایک عدد کٹی ہوئی،ہری مرچ دو عددکٹی ہوئی،لہسن ایک چائے کا چمچ، باریک کٹا ہوا،ہلدی آدھا چائے کا چمچ،نمک آدھا چائے کا چمچ،زیرہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچ،دھنیاپسا ہواایک چائے کا چمچ،ٹماٹر کا پیسٹ دو کھانے کے چمچے،گرم مسالہ آدھا چائے کا چمچ،ہرا دھنیا آدھی گٹھی،گرم پانی ڈیرھ سو ملی لیٹرتیل دو کھانے کے چمچے،ادرک دو کھانے کے چمچےباریک کٹا ہوا ۔

ترکیب:

ایک کڑاہی میںتیل ڈال کر اس میں پیاز الائچی، دار چینی کو فرائی کریں،اب اس میںگوشت ڈال کر دو سے تین منٹ فرائی کریں پھر اس میں ہری مرچ ،لہسن ہلدی، نمک ، زیرہ ، دھنیا ر، ٹماٹر پیسٹ اور گرم پانی ڈال کر مکس کریں اور دو گھنٹے پکنے کے لیے رکھ دیں یہاں تک کہ گوشت اچھی طرح گل جائے ۔ پھر اس میں گرم مسالہ، ادرک ،اور ہرا دھنیا ڈال دیں ۔ اور ایک سے دو منٹ پکنے دیں مزیدار مدراس بیف تیار ہے۔

بھنا ہوا مغز

اجزاء:

بکرے کا مغز ایک عدد،سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ،اجوائن ایک چائے کا چمچ،لہسن ،ادرک ،لہسن پسا ہوا ایک چمچ،پیاز دو سے تین عدد درمیانی،ٹماٹردو سے تین عدد،ہری مرچ چار عدد،ہرا دھنیا تھوڑا سا لیموں کا رس دو چمچے،تیل ایک بڑا چمچ

ترکیب:

ایک دیکچی میںتیل گرم کریںاور پیاز ڈال کر ہلکی سنہری کر لیں ۔پیاز میں ہلدی ،ادرک اور لہسن ڈال کر بھونیں پھر ہلکا سا پانی ڈال کر بھونیں ،اب پسی مرچ ، ٹماٹر کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ کر ڈال دیں اور آنچ ہلکی کر دیںپھر ہری مرچ بھی کاٹ کر ڈال دیں ،جب مسالہ تیار ہو جائے تو اس میں مغز ڈال کر مکس ایسے کریں کہ چھوٹے چھوٹے ٹکڑے ہو جائیں ، اب اجوائن ڈال کر دم پر لگا دیں۔بھنا مغز تیار ہے

آلو بخارا گوشت

اجزاء

گوشت آدھا کلو،نمک لال مرچ پسی ہوئی حسبِ ذائقہ،دھنیا پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ،پیاز تین عدد،آلو بخارے پندرہ عدد،چینی دو کھانے کے چمچے،ہری مرچ چھ عدد،ہرا دھنیا گارنش کے لئے تیل حسب ضروت۔

ترکیب:

سب سے پہلے آلو بخاروں کو ایک پیالی گرم پانی میں بھگو کر رکھ دیں ، اس کے بعد ایک پتیلی میںتیل ڈال کر اس میں کٹی پیاز سنہری کر لیں، پھر گوشت ڈال کر تھوڑی دیر بھون لیں اس کے بعد نمک ، مرچ اور دھنیا شامل کر کے پانی ڈال کر گوشت گلنے کے لیے رکھ دیں ،جب گوشت اچھی طرح گل جائے تو آلو بخارے اور چینی ڈال کر بھون لیں پھر ایک پیالی گرم پانی اور ہری مرچ ڈال کر دم پر رکھ دیں ۔ پانچ منٹ کے بعد آلو بخارا گوشت تیار ہے ۔ ڈش میں نکالنے کے بعد ہرا دھنیا چھڑک دیں ۔

تازہ ترین
تازہ ترین