• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بار بی کیو کا اہتمام کرتے وقت کن باتوں کا خیال رکھیں؟

یہ انتہائی ضروری ہے کہ باربی کیو کرنے کے لیے گوشت کو چند گھنٹے پہلے ہی میرینیٹ کر کے رکھیں، چاہے یہ قیمہ ہی کیوں نہ ہو۔ اگر آپ اسے رات بھر میرینیٹ رکھیں تو اس کا نتیجہ اور اچھا نکلتا ہے۔

بوٹیاں ہمیشہ چھوٹی بنائیں۔ اس طرح وہ میرینیٹ اچھی طرح ہوں گی اور گوشت کو خشک کیے بنا جلدی پک بھی جائیں گی۔

گوشت پر تھوڑی سی چربی رہنے دیں، یہ باربی کیو کو جوسی بننے میں مدد دیتی ہے۔

بکرے اور گائے کے گوشت کو اچھی طرح گلانے کے لیے کچا پپیتا استعمال کریں جو اس کے ذائقے کو بھی بہتر بناتا ہے۔

باربی کیو گرل کو استعمال کرنے سے پہلے اچھی طرح صاف کر لیں، کیونکہ گندی گرل سے باربی کیو میں جلنے کا ذائقہ شامل ہو جاتا ہے۔ اس لیے باربی کیو بنانے سے پہلے اور بعد میں گرل کو تھوڑا سا جلانا فائدہ مند رہتا ہے کیونکہ اس طرح اس پر لگے گوشت اور چربی کے ٹکڑے جل کر اُتر جاتے ہیں اور گرل کو صاف کرنا آسان ہو جاتا ہے۔

کوئلے کے چھوٹے ٹکڑے استعمال کریں۔ اگر ٹکڑے بڑے ہوں تو ان کو توڑ کر چھوٹا کر لیں۔

اگر کوئلوں کو جلانے کے لیے کوئی چیز یعنی مٹی کا تیل وغیرہ استعمال کریں تو تیل ڈالنے کے بعد فوراً آگ مت لگائیں، بلکہ تیل کو کوئلوں میں جذب ہونے دیں، ورنہ کوئلے بہت جلد جل کر ختم ہو جائیں گے اور آپ کے باربی کیو میں بھی مٹی کے تیل کی خوشبو بس جائے گی۔کوئلوں کو پوری گرل میں متوازن پھیلائیں تاکہ آگ سب جگہ برابر رہے۔کوئلوں کو دہکانے کے لیے دستی پنکھا یا کوئی شیٹ وغیرہ استعمال کریں۔

کوئلے کے شعلوں کو نہ زیادہ اوپر تک آنے دیں اور نہ ہی انھیں بلکہ ختم ہونے دیں بلکہ آگ کو کنٹرول میں رکھیں۔ باربی کیو کے دوران یہی چیز سب سے اہم ہے اور باربی کیو کا سارا انحصار اسی چیز پر ہے۔

مچھلی اور چکن تو بہت جلدی پک جاتے ہیں لیکن بکرے یا گائے کا گوشت پکنے میں زیادہ وقت لیتا ہے۔ اس لیے کوئلوں کی آگ کو اسی حساب سے رکھیں کہ گوشت آسانی سے پک جائے۔

ایک پیالے میں تیل قریب رکھیں اور اسے کسی برش کی مدد سے ضرورت کے تحت گوشت پر لگاتے رہیں، زیادہ لگانے سے پرہیز کریں کیونکہ زیادہ تیل گوشت کو جلا دے گا۔گوشت کو گرل پر ضرورت کے تحت پلٹتے رہیں تاکہ یہ جلنے سے محفوظ رہے۔گوشت کو ضرورت سے زیادہ مت پکائیں، ورنہ یہ خشک ہو جائے گا۔باربی کیو کو تازہ اور گرما گرم کھائیں، اگر آپ نے اسے ٹھنڈا ہونے کے لیے چھوڑ دیا تو یہ ضائع ہو جائے گا۔مزیدار باربی کیو کے ذائقے کو دوبالا کرنے کے لیے اس کے ساتھ مزیدار سی چٹنی بھی بنا لیں۔

اب جبکہ باربی کیو کی تمام ضروری ٹپس آپ کے پاس ہیں تو کیوں نہ دوستوں اور فیملی کے ساتھ ایک مزیدار سی باربی کیو پارٹی ہو جائے....!!!

تازہ ترین
تازہ ترین